عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں/جموں و کشمیر کے پہاڑی اضلاع میں مسلسل اور شدید بارشوں کے باعث دریائے چناب اور متعدد ندی نالوں میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے جموں صوبہ میں ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو دریاؤں اور آبی ذخائر کے قریب جانے سے گریز کرنے کی ہدایت دی ہے۔ضلع ریاسی میں واقع سلال ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کے تمام گیٹ مسلسل دوسرے روز بھی ریزروائر فلشنگ عمل کے تحت کھلے رکھے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں دریائے چناب میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ضلع رام بن میں بگلیہار ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کے گیٹ کھولے جانے کے بعد بھی دریائے چناب کی سطح میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے عوامی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت دی۔
ریاسی میں دریائے چناب کے کنارے واقع دیہات میں پولیس ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جو لاؤڈ اسپیکروں کے ذریعے لوگوں کو دریا کے قریب نہ جانے، بچوں اور مویشیوں کو کناروں سے دور رکھنے کی تلقین کر رہی ہیں۔ضلع انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ ڈیموں سے مسلسل پانی چھوڑے جانے کے باعث دریائے چناب کی سطح اچانک مزید بلند ہو سکتی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور دریاؤں، ندی نالوں اور دیگر آبی ذخائر سے دور رہیں۔رام بن پولیس نے بھی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر سیلاب کے خطرے والے علاقوں کا رخ نہ کریں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار کی صبح ساڑھے آٹھ بجے تک گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ضلع ریاسی میں سب سے زیادہ 106.5 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ راجوری میں 103 ملی میٹر، ادھم پور میں 101.6 ملی میٹر، کٹرا میں 85 ملی میٹر، پونچھ میں 77 ملی میٹر، بٹوت میں 57.2 ملی میٹر اور رام بن میں 9 ملی میٹر بارش ہوئی۔
دریں اثنا، وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں بھی ضلعی انتظامیہ نے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کی جانب سے 23 جولائی تک درمیانی سے شدید بارشوں کی پیش گوئی کے بعد موسمی ایڈوائزری جاری کی ہے۔
کپواڑہ، بانڈی پورہ، بارہمولہ، سرینگر اور اننت ناگ کے ڈپٹی کمشنرز نے عوام اور سیاحوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے پہاڑی علاقوں کا رخ نہ کریں اور دریاؤں و ندی نالوں سے دور رہیں کیونکہ پانی کی سطح اچانک بڑھ سکتی ہے۔
ضلع اننت ناگ کی انتظامیہ نے فلیش فلڈ، مٹی کے تودے گرنے، پتھر کھسکنے اور ندی نالوں میں طغیانی کے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کو ٹریکنگ، کیمپنگ اور دیگر بیرونی سرگرمیوں سے گریز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔بانڈی پورہ اور بارہمولہ انتظامیہ نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ سرکاری ہدایات پر عمل کریں، سیلاب زدہ یا حساس علاقوں سے دور رہیں اور موسمی صورتحال پر نظر رکھیں۔
حکام کے مطابق تمام اضلاع میں ہنگامی ردعمل کے نظام کو فعال کر دیا گیا ہے جبکہ عوام سے کہا گیا ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، پرسکون رہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری طور پر ایمرجنسی کنٹرول رومز سے رابطہ کریں۔
شدید بارشوں کے باعث جموں میں ہائی الرٹ جاری ، دریائے چناب میں طغیانی کا خدشہ، لوگوں سے محتاط رہنے کی اپیل