محمد تسکین
بانہال// سب ڈویژن بانہال کی تحصیل کھڑی کے منگت علاقے میں اتوار کی صبح ایک آلٹو کار سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ چار دیگر زخمی ہو گئے۔حادثہ اتوار کی صبح تقریباً 8:15 بجے اسوقت پیش آیا، جب ایک آلٹو کار (نمبر PB-11BS-3417) منگت گاؤں سے بانہال کیطرف آنے کے دوران آرام ڈھکہ کے مقام پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکر گہری کھائی میں جا گری۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی بانہال پولیس، این جی او بانہال والینٹرس کے رضاکار، کیو آر ٹی کھڑی کی ٹیمیں اور سب ڈسٹرکٹ ہسپتال (SDH) بانہال کی دو ایمبولینسیں موقع پر پہنچ گئیں اور مشترکہ طور پر بچاؤ کارروائی شروع کی۔ریسکیو ٹیموں نے گلزار احمد لون (50) ولد علی محمد لون کو موقع پر مردہ پایا جبکہ چار دیگر زخمیوں کو بانہال ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
پولیس نے زخمیوں کی شناخت محمد اسحاق (28) ولد عبدالرحمن کھانڈے، محمد رفیق (31) ولد عبدالرشید، نواز احمد (33) ولد عبدالاحد اور زیبا بیگم (45) زوجہ عبدالاحد کے طور پر ہوئی ہے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا۔گاڑی میں سوار نو سالہ حماد ولد نواز احمد محفوظ ہے اور اسے کوئی چوٹ نہیں آئی ہے۔ پولیس نے ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہے ۔
بانہال ۔ منگت سڑک پر آلٹوکار حادثے کا شکار ، ایک ازجان ، خاتون سمیت چار زخمی