تَرکنڈی، بالاکوٹ اور دیگر اگلے مورچوں پردوطرفہ گولیاں چلنے کی اطلاعات
سمت بھارگو
راجوری//راجوری-پونچھ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر مسلسل تیسرے روز بھی بھارتی اور پاکستانی افواج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جس کے باعث سرحدی علاقوں میں کشیدگی برقرار ہے اور مقامی آبادی میں تشویش بڑھ گئی ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ جمعرات کی دیر شام راجوری اور پونچھ کی سرحد پر واقع تَرکنڈی کے جنگلاتی علاقے میں پیش آیا، جہاں دونوں جانب سے مختصر وقت کے لیے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اگرچہ یہ واقعہ محدود نوعیت کا تھا، تاہم اسے حالیہ کشیدگی کا آغاز قرار دیا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق جمعہ کی شام ایک بار پھر تَرکنڈی اور بالاکوٹ سیکٹر سمیت متعدد اگلے مورچوں پر فائرنگ شروع ہوگئی۔ دونوں جانب سے چھوٹے ہتھیاروں اور مشین گنوں کا استعمال کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ فائرنگ ڈھائی گھنٹے سے زائد وقت تک وقفے وقفے سے جاری رہی اور جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب تک اس کا سلسلہ برقرار رہا۔ہفتہ کی دوپہر مسلسل تیسرے روز بھی ایل او سی پر دونوں ممالک کی اگلی چوکیوں سے ایک دوسرے کے مورچوں پر فائرنگ کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ ذرائع کے مطابق یہ فائرنگ بھی کچھ دیر تک وقفے وقفے سے جاری رہی، جس سے سرحدی علاقوں میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں کی گئی ہے، جبکہ متعلقہ حکام کی جانب سے بھی اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔دریں اثنا، لائن آف کنٹرول سے متصل دیہات کے لوگوںمیں مسلسل فائرنگ کے واقعات کے باعث خوف و ہراس پایا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے موجودہ صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر آئندہ دنوں میں بھی فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا تو سرحدی آبادی کو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ذرائع کے مطابق سرحدی علاقوں کی صورتحال پر متعلقہ سیکورٹی ادارے مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں، جبکہ حالات بدستور کشیدہ مگر قابو میں بتائے جا رہے ہیں۔