اشتیاق ملک
ڈوڈہ//گزشتہ روز بھدرواہ میں پولیس کی مبینہ فائرنگ سے ایک مقامی نوجوان کی ہلاکت کے خلاف ہفتہ کے روز مرکزی سیرت کمیٹی ڈوڈہ اور انجمن اسلامیہ نیلی بھلیس کی اپیل پر ضلع صدر مقام ڈوڈہ، سب ڈویژن ٹھاٹھری اور سب ڈویژن گندوہ بھلیسہ میں پُرامن بند رہا۔بند کے دوران بیشتر بازار اور کاروباری ادارے مکمل طور پر بند رہے، جبکہ مختلف علاقوں میں معمول کی سرگرمیاں بھی متاثر رہیں۔اس موقع پر مرکزی سیرت کمیٹی ڈوڈہ اور انجمن اسلامیہ نیلی بھلیس نے مشترکہ طور پر واقعہ پر گہرے رنج و غم اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی صاف و شفاف، غیر جانبدارانہ اور فوری تحقیقات کرائی جائی اور اگر کسی اہلکار کی غفلت یا زیادتی ثابت ہو تو اس کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔تنظیموں کے ذمہ داران نے کہا کہ وادیٔ چناب ہمیشہ سے امن، بھائی چارے، مذہبی رواداری اور باہمی ہم آہنگی کی علامت رہی ہے،یہاں ہر مشکل اور نازک موقع پر تمام مذاہب اور طبقات سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کیا ہے، لہٰذا ایسے واقعات نہ صرف عوام میں بے چینی پیدا کرتے ہیں بلکہ علاقے کے پُرامن ماحول کو بھی متاثر کر سکتے ہیں۔انہوں نے زور دے کر کہا کہ مستقبل میں اس نوعیت کے افسوسناک واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور قصورواروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے تاکہ عوام کا انصاف کے نظام پر اعتماد برقرار رہے۔ادھر بند کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ڈوڈہ، ٹھاٹھری اور گندوہ بھلیسہ سمیت حساس مقامات پر پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کی تھی تاہم مجموعی طور پر بند پُرامن رہا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
بھدرواہ شہری ہلاکت کیخلاف ڈوڈہ اور کشتواڑ میں پُرامن بند | ڈوڈہ، ٹھاٹھری اور گندوہ بھلیسہ میں بند، غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ