عظمیٰ ویب ڈیسک
بارہمولہ/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اتوار کو کہا کہ پونچھ اور راجوری اضلاع میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی صورتحال پر انتظامیہ مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، جبکہ احتیاطی تدابیر کے تحت شری امرناتھ یاترا کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا ہے۔بارہمولہ میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ریسکیو اور راحت رسانی کی کارروائیاں جنگی بنیادوں پر جاری ہیں اور مختلف ایجنسیاں باہمی تال میل کے ساتھ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’ہم پونچھ اور راجوری کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ امرناتھ یاترا کو عارضی طور پر معطل کیا گیا ہے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ کچھ قیمتی جانوں کا نقصان بھی ہوا ہے۔ ایس ڈی آر ایف، پولیس اور دیگر ایجنسیاں مشترکہ طور پر امدادی کام انجام دے رہی ہیں۔ ہلاکتوں کی حتمی تعداد سرکاری تصدیق کے بعد جاری کی جائے گی۔‘‘
منوج سنہا نے کہا کہ انتظامیہ زمینی سطح پر موجود افسران کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور متاثرہ اضلاع کو ہر ممکن امداد فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ریسکیو اور راحت رسانی کے کاموں میں تیزی لائیں اور سیلاب و لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کریں۔
اس سے قبل ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ’’نشہ مکت جموں و کشمیر‘‘ مہم کے 100 دن کل مکمل ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا، ’’ان 100 دنوں کے دوران رضاکاروں نے دیہات اور قصبوں میں لوگوں تک رسائی حاصل کی، متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کی مدد کی اور معاشرے کو صحت مند بنانے کے لیے مکمل لگن کے ساتھ کام کیا۔‘‘
پونچھ، راجوری میں سیلابی صورتحال پر کڑی نظر؛ امرناتھ یاترا احتیاطاً معطل: ایل جی منوج سنہا