محمد تسکین
بانہال // خراب موسمی حالات اور شدید بارش کی پیش گوئی کے پیش نظر شری امرناتھ جی یاترا کو پہلگام اور بالتل دونوں راستوں سے معطل کر دیا گیا، جس کے باعث سینکڑوں یاتریوں کو ضلع رام بن کے چندرکوٹ یاتری نواس میں روک دیا گیا۔حکام کے مطابق ہفتہ کو دوپہر دو بجے کے کٹ آف وقت کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر یاتریوں کو وادیٔ کشمیر کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کٹ آف وقت کے بعد ضلع رام بن کے مختلف مقامات پر ایک ہزار سے زائد یاتری اور 200 سے زیادہ سیاح پھنس گئے۔ ان میں سے 914 یاتریوں کو چندرکوٹ یاتری نواس میں ٹھہرایا گیا، جبکہ باقی یاتریوں کے قیام کا انتظام بانہال کے لامبر گراؤنڈ لنگر مقام پر کیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق پھنسے ہوئے یاتریوں کے لیے رہائش، کھانے، پینے کے صاف پانی، طبی امداد اور دیگر بنیادی سہولیات کا مکمل انتظام کیا گیا ہے۔
دریں اثنا، جموں و کشمیر انتظامیہ نے خراب موسم کے باعث اتوار کو جاری شری امرناتھ جی یاترا کو پہلگام اور بالتل دونوں راستوں سے اگلے احکامات تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکام نے یاتریوں اور دیگر مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر جموں، ادھمپور اور رامبن سے آگے ٹریفک کی نقل و حرکت پر بھی عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موسم بہتر ہونے اور جموں۔ سرینگر قومی شاہراہ کو محفوظ قرار دیے جانے کے بعد ہی کشمیر کی جانب ٹریفک بحال کی جائے گی۔انتظامیہ نے یاتریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ یاتری کیمپوں میں ہی قیام کریں اور یاترا دوبارہ شروع ہونے تک انتظامیہ کی جانب سے جاری ہدایات پر سختی سے عمل کریں۔
خراب موسم کے باعث امرناتھ یاترا معطل، سینکڑوں یاتری چندرکوٹ میں روک دیے گئے