عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری میں گزشتہ شب ہونے والی موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں آنے والے اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں کم از کم 10 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ تباہی پونچھ ضلع کے سرنکوٹ علاقے کے لورمُرہ میں ہوئی، جہاں سیلابی ریلے اور ملبے نے رہائشی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، کئی مکانات منہدم ہو گئے اور متعدد خاندان ملبے تلے دب گئے۔ذرائع کے مطابق سرنکوٹ سے 9 اموات کی اطلاع ملی ہے، جن میں ایک ہی خاندان کے 6 افراد بھی شامل ہیں، جبکہ ایک شخص کی موت حویلی تحصیل میں واقعہ پیش آنے سے ہوئی۔حکام کا کہنا ہے کہ کئی افراد کے ابھی بھی ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو کارروائیوں میں پولیس، اسٹیٹ ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، سول انتظامیہ اور مقامی رضاکار شریک ہیں، جو خراب موسم اور دشوار گزار علاقوں کے باوجود امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ ملبہ ہٹانے اور متاثرہ دیہات تک رسائی بحال کرنے کے لیے بھاری مشینری بھی تعینات کی گئی ہے۔
شدید بارشوں کے باعث پونچھ اور ملحقہ ضلع راجوری میں سڑکوں، پلوں، رہائشی مکانات، گاڑیوں اور دیگر عوامی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ حویلی تحصیل میں کم از کم سات مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ منڈی اور دیگر علاقوں سے بھی املاک کے نقصان کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں جس سے آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔
ضلع انتظامیہ نے امدادی ٹیموں کو متحرک کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے۔ حکام نے دریاؤں، ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں کے قریب رہنے والے لوگوں کو گھروں میں رہنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور تیز بہاؤ والے آبی ذخائر سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔
دریں اثنا، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ سے ٹیلی فون پر رابطہ کرکے سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔امت شاہ نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، راحت اور بازآبادکاری کے لیے مرکز کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ متاثرین کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
ادھر محکمہ موسمیات سری نگر نے آئندہ پانچ روز تک جموں و کشمیر میں وسیع پیمانے پر بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ 23 جولائی تک جموں ڈویژن کے کئی علاقوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش، گرج چمک، آندھی اور تیز ہواؤں کا امکان ہے، جس کے باعث فلیش فلڈ، لینڈ سلائیڈنگ، مٹی کے تودے گرنے، پتھر کھسکنے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔
پونچھ اور راجوری میں سیلابی تباہی، 10 افراد جاں بحق، متعدد لاپتہ | وزیر داخلہ امت شاہ کا ایل جی اور وزیر اعلیٰ سے رابطہ، ہر ممکن امداد کی یقین دہانی