ادہم پور کے نزدیک اس حادثہ میںڈرائیور سمیت پانچ یاتری زخمی
محمد تسکین
بانہال // امرناتھ یاترا کے دوران ہفتہ کی صبح جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ پر ضلع اُدھم پور کے سنگور چوک میں ایک سڑک حادثے میں پانچ امرناتھ یاتری زخمی ہو گئے، جبکہ گاڑی کا ڈرائیور بھی زخمی ہوا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق، بالتل کی طرف جا رہی ایک انووا گاڑی شاہراہ کے کنارے کھڑے ایک ڈمپر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار پانچ یاتری زخمی ہو گئے۔ امرناتھ یاترا کے پیش نظر پہلے سے ہی مستعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور تمام زخمیوں کو علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج اُدھم پور سے وابستہ ہسپتال منتقل کیا۔پولیس نے زخمی یاتریوں کی شناخت انش (15)، راکیش کمار (44)، وشال ورما (21)، سرجیت کمار (20) اور نیرجا ورما (33) کے طور پر ہوئی ہے، جن کا تعلق اتر پردیش کے لکھیم پور اور سیتاپور اضلاع سے ہے۔ حادثے میں گاڑی کا ڈرائیور یاسر (32)ساکن گاندربل بھی زخمی ہوا اور وہ زیر علاج ہے اور اسکی حالت مستحکم ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ حادثے کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ پر کچھ وقت تک ٹریفک میں خلل پڑا تاہم بعد میں حادثہ زدہ گاڑیوں کو شاہراہ سے ہٹا دیا گیا، جس کے بعد جموں-سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک معمول کے مطابق بحال کر دیا گیا۔