پونچھ// محکمہ بجلی میں عارضی بنیادوں پر کام کرنے والے عارضی ملازمین نے پی ڈی ڈی کیجول لیبر ورکرس یونین سرکل راجوری پونچھ کے بینر تلے اپنے مطالبات کو لے کر سنیچر کے روز ضلع پونچھ کے صدر مقام پر احتجاج کیا۔ احتجاجیوں کے مطالبات میں ان کی نوکریوں کی مستقلی اور منیمم ویجز ایکٹ پر عمل درآمد خاص طور پر قابل ذکر ہیں۔ مظاہرین نے اس دوران جم کر نعرے بازی کی ۔احتجاجی مظاہرے کے شرکاء نے کہا کہ حکومت کی طرف سے ان کو مستقل کرنے کا اعلان ایک مذاق کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کی خدمت کرنے میں وہ کوئی کسر باقی نہیں چھوڑتے ہیں جس کے عوض انہیں حقیر تنخواہ دی جاتی ہے وہ بھی دو سال سے بند ہے۔انہوں نے کہا کہ تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے نہ گھر کا چولھا جلتا ہے نہ قرض کی ادائیگی ہوتی ہے۔سرکل صدر کیجول لیبر ورکرس یونین سرکل راجوری پونچھ چوہدری عبدالغنی جاگل نے کہا کہ اگر حکومت نے اب بھی ا ن کے مطالبات کی طرف توجہ نہیں دی تو تمام عارضی ملازمین اپنے کنبوں سمیت سڑکوں پر آئیں گے جو ایک عوامی تحریک بن سکتی ہے جس کو روکنا کسی کے بس کی بات نہیں ہوگی۔ضلع صدر فاروق چوہدری نے کہا کہ ہم عارضی ملازمین اکیلے نہیں ہیں بلکہ ہمارے ساتھ لاکھوں نفوس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس سے قبل بھی کئی بار احتجاجوں کے ذریعے حکومت کی توجہ اپنے مطالبات کی طرف مبذول کرنے کی کوشش کی لیکن سرکار ٹس سے مس نہیں ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عارضی ملازمین کی نوکریوں کی مستقلی کے لئے وزیر اعظم نے بھی ایک اعلان کیا تھا لیکن اس پر بھی عمل درآمد نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عارضی ملازمین کو اپنے اپنے محکموں کی بھر پور خدمت کے عوض بھوک ملتی ہے اور سماج میں بھی رسوائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔احتجاجی ملازمین نے ایک تحریری یاداشت ضلع ترقیاتی کمیشنر پونچھ کو بھی پیش کی جس میں انہوں نے نیڈ بیس کا ٹیگ جو ملازموں پر لگایا گیا ہے کو ختم کرنے،ملازموں کوماہوار تنخواہیں واگزار کرنے،دو سال کی بقایا تنخواہیں واگزار کرنے ،جو عارضی ملازم کام کرنے کے دوران بجلی کرنٹ لگنے سے جابحق یا معزور ہوئے ہیں ان کے اہل خانہ کو امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔