جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر قصبہ میں پارکنگ ایریا اور سب ضلع ہسپتال کی جانب جانے والی سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہو چکی ہے جس کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہو رہی ہے۔ سڑک پر جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑ چکے ہیں جن میں بارش کا پانی جمع ہو جاتا ہے، جس سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ پیدل چلنے والوں کو بھی سخت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی دکانداروں اور شہریوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمہ کی عدم توجہی کے باعث سڑک کی حالت دن بہ دن خراب ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بارش کے دوران جب گاڑیاں اس سڑک سے گزرتی ہیں تو گڑھوں میں جمع پانی اچھل کر قریبی دکانوں کے اندر داخل ہو جاتا ہے جس سے دکانوں میں رکھا سامان خراب ہونے کے ساتھ ساتھ کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔
علاقہ مکینوں نے کہا کہ سب ضلع ہسپتال جانے والی یہی اہم سڑک ہونے کے باعث مریضوں، بزرگ شہریوں اور ایمبولینس سروس کو بھی شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک پر موجود گڑھے حادثات کا سبب بن سکتے ہیں اور اگر فوری توجہ نہ دی گئی تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے سڑک کی فوری مرمت کرائی جائے، گڑھوں کو پْر کیا جائے اور نکاسی آب کا مناسب انتظام کیا جائے تاکہ شہریوں، مریضوں اور دکانداروں کو درپیش مسائل کا مستقل حل ممکن بنایا جا سکے۔شہریوں نے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ اس اہم عوامی مسئلہ پر سنجیدگی سے غور کرتے ہوئے جلد از جلد عملی اقدامات کرے گی تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے۔