عاصف بٹ
کشتواڑ/ گزشتہ شب ہونے والی موسلا دھار بارشوں اور تیز ہواؤں نے ضلع بھر میں معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دیے۔ شدید بارش کے باعث سنتھن شاہراہ پر بادل پھٹنے کے دو الگ الگ واقعات پیش آئے، جبکہ میدانی علاقوں میں سڑکیں، گلی کوچے اور متعدد رہائشی مکانات زیرِ آب آ گئے۔
ذرائع کے مطابق سنتھن ٹاپ اور اس کے بالائی علاقوں میں اچانک بادل پھٹنے سے شدید سیلابی ریلے آئے، جنہوں نے شاہراہ کے کئی حصوں کو نقصان پہنچایا۔ ایک مقام پر سڑک کا بڑا حصہ بہہ جانے کے باعث کشتواڑ اور سرینگر کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہو گیا، جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
انتظامیہ نے خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات کے پیش نظر سنتھن شاہراہ کو عارضی طور پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا ہے۔ متعلقہ محکموں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور نقصانات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ شاہراہ کی جلد بحالی کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
دوسری جانب میدانی علاقوں میں شدید بارش کے باعث سڑکوں، گلی کوچوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا، جبکہ متعدد رہائشی مکانات میں پانی داخل ہونے سے لوگوں کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔ کئی مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی آنے سے گندگی سڑکوں پر پھیل گئی، جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ رات بھر جاری رہنے والی بارش نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کیا ہے اور کئی علاقوں میں گھروں کے اندر پانی داخل ہونے سے گھریلو سامان کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ضلع انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، ندی نالوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے علاقوں سے دور رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انتظامیہ کے مطابق ریسکیو اور امدادی ٹیمیں ہائی الرٹ پر ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
شبانہ موسلا دھار بارشوں اور تیز ہواؤں سے ضلع بھر میں تباہی، سنتھن شاہراہ پر بادل پھٹنے کے دو واقعات، رابطہ منقطع