عاصف بٹ
کشتواڑ/ضلع کشتواڑ کے جنگلاتی علاقے سنتھن کی چراگاہوں میں دیر رات شدید گرج چمک کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس میں ایک بکروال چرواہے کی 100 سے زائد بھیڑیں ہلاک ہو گئیں۔ اس حادثے سے متاثرہ خاندان کو بھاری مالی نقصان پہنچا ہے۔
تفصیلات کے مطابق رات کے وقت سنتھن میں موسم نے اچانک خطرناک رخ اختیار کر لیا۔ تیز آندھی، موسلا دھار بارش اور شدید گرج چمک کے دوران آسمانی بجلی چراگاہ میں گری، جس کی زد میں آ کر صادق نامی بکروال کی تقریباً 100 بھیڑیں موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔
عینی شاہدین کے مطابق بلند پہاڑی علاقوں میں خراب موسم کے دوران اس نوعیت کے حادثات کا خطرہ ہمیشہ موجود رہتا ہے، خصوصاً جب مویشی کھلے میدانوں میں چر رہے ہوں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی ایسے واقعات رونما ہو چکے ہیں، جن میں چرواہوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
متاثرہ چرواہے صادق بکروال نے بتایا کہ ان کی زندگی بھر کی جمع پونجی انہی بھیڑوں پر مشتمل تھی، جو ایک لمحے میں تباہ ہو گئی۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر جائے وقوعہ کا معائنہ کیا جائے، نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے اور انہیں مناسب معاوضہ کے ساتھ ہنگامی مالی امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ دوبارہ اپنے روزگار کا سلسلہ بحال کر سکیں۔
سنتھن کی چراگاہوں میں آسمانی بجلی کا قہر، 100 سے زائد بھیڑیں ہلاک، بکروال چرواہے کو لاکھوں کا نقصان