محمد تسکین
بانہال/شری امرناتھ جی یاترا-2026 کا باقاعدہ آغاز جمعرات کے روز جموں سے ہوگیا، جہاں بھگوتی نگر بیس کیمپ سے یاتریوں کا پہلا قافلہ جنوبی کشمیر میں واقع بالتل اور پہلگام کے بیس کیمپوں کی جانب روانہ ہوا۔زونل پولیس کنٹرول روم جموں کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پہلے قافلے میں مجموعی طور پر 4,822 یاتری شامل ہیں، جن میں2,312 یاتری بالتل راستےجبکہ 2,510 یاتری پہلگام راستے سے مقدس گپھا کی طرف روانہ ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق اس قافلے میں مجموعی طور پر259 گاڑیاںشامل ہیں، جن میں بسیں، میڈیم موٹر وہیکلز (MMVs)، لائٹ موٹر وہیکلز (LMVs) اور دو پہیہ گاڑیاں شامل ہیں۔بالتل روٹ کا قافلہ صبح6:10 بجےجبکہ پہلگام روٹ کا قافلہ 6:35 بجےروانہ ہوا۔ یاتریوں میں مرد، خواتین، بچے، سادھو اور سادھویاں بھی شامل ہیں۔
یاترا کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور دونوں راستوں پر پولیس و دیگر سکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کے لیے رہائش، طبی سہولیات، ہموار نقل و حرکت اور دیگر بنیادی سہولیات کا بھی جامع انتظام کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ شری امرناتھ جی یاترا ہر سال جنوبی کشمیر میں واقع مقدس گپھا تک بالتل اور پہلگام راستوں کے ذریعے انجام دی جاتی ہے۔