عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری ہائی وے پر سندربنی کے قریب راہ سلیوٹ علاقے میں پیش آئے ایک المناک سڑک حادثے میں ایک نوجوان لڑکی کی موت واقع ہو گئی جبکہ ایک دیگر شخص شدید زخمی ہو گیا۔حادثہ اْس وقت پیش آیا جب سکوٹی نمبر JK02BH-6215 اور ایک ٹرک نمبر JK08Q-6234 کے درمیان زور دار ٹکر ہو گئی۔ حادثے میں سکوٹی چلا رہی لڑکی اور اس کے ساتھ موجود ایک اور شخص شدید زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق دونوں زخمیوں کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال سندربنی منتقل کیا گیا جہاں دلجیت کور دختر جوگیندر سنگھ ساکن کھیرا لیر، پونی ضلع ریاسی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی، جبکہ سکوٹی پر سوار دوسرا زخمی شخص، جس کی شناخت ابھی تک نہیں ہو سکی، کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے اور اسے بہتر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا ہے۔حادثے کی خبر پھیلتے ہی علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی جبکہ متوفیہ کے گھر میں کہرام مچ گیا۔ مقامی لوگوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سڑک حادثات میں اضافے پر تشویش ظاہر کی اور انتظامیہ سے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرانے کا مطالبہ کیا۔پولیس نے واقعہ کے سلسلے میں پولیس اسٹیشن اکھنور میں مقدمہ درج کر لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی بھی جاری ہے۔
ادھرضلع ریاسی کے بھگا علاقے میں گزشتہ شب پیش آئے ایک افسوسناک ٹریکٹر حادثے میں ایک نوجوان کی موت واقع ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق حادثہ اْس وقت پیش آیا جب ایک ٹریکٹر بھگا سے لورنو کی جانب جا رہا تھا کہ اچانک ڈرائیور کا گاڑی پر قابو کھو بیٹھا اور ٹریکٹر سڑک سے پھسل کر حادثے کا شکار ہو گیا۔حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگوں نے بچاؤ کارروائی شروع کی اور زخمی نوجوان کو علاج کے لیے قریبی طبی مرکز منتقل کرنے کی کوشش کی گئی، تاہم وہ شدید زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔مہلوک کی شناخت وزیر حسین (28) ولد عبد الحمید ساکن سرلہ بھگا ضلع ریاسی کے طور پر کی گئی ہے۔ نوجوان کی اچانک موت کی خبر پھیلتے ہی پورے علاقے میں غم کی لہر دوڑ گئی جبکہ اہل خانہ پر کہرام مچ گیا۔مقامی لوگوں نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سڑکوں کی حالت بہتر بنانے اور حادثات کی روک تھام کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں تاکہ قیمتی جانوں کا تحفظ ممکن بنایا جا سکے۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لے کر مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔