تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کے پی ایچ ای ملازمین نے یونین کے صدر طاہر احمد شال کی قیادت میں سابق پی ایچ ای سپروائزر اور ٹریڈ یونین لیڈر بشیر خان کے انتقال پر ان کے گھر جا کر تعزیت کا اظہار کیا ہے جن کا حال ہی میں انتقال ہو گیا تھا۔ اس موقع پر یونین کے صدر طاہر احمد شال کے ہمراہ یونین کے کئی دیگر عہدیداروں اور ملازمین بھی موجود تھے۔طاہر احمد شال نے مرحوم محمد بشیر خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت کی ۔طاہر شال نے مرحوم محمد بشیر خان کو ایک باہمت اور ایماندار شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے پوری ایمانداری اور دیانتداری کے ساتھ محکمہ میں اپنے فرائض منصبی کو انجام دیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ پی ایچ ای جوائنٹ ائمپلائز ایسوسیشن ایک مایہ ناز سپوت سنجیدہ فکر اور ہمدرد ساتھی سے محروم ہوئی ہے کیونکہ انکے ساتھ گزرے لمحات،مشاورت کاعمل اور محافل میں شرکت ایک طویل تاریخ ہے جو آج بھی آنکھوں میں گھوم رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بشیر خان نے اپنی صلاحیتوں، حسن اخلاق شرین کلامی سے ایک دنیا کو اپنا گرویدہ بنا لیا تھا۔ بعد ازاں انہوں نے بشیر خان کی رہائش گاہ پر فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کے جملہ پسماندگان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جنت نشینی کیلئے خصوصی دعا کی۔