مغل روڑ سے مال بردار گاڑیوں کی تواتر کیساتھ روانگی میوہ اور سبزی سے بھرے282ٹرک روانہ،500سے زائد خالی ٹرک بھی واپس گئے

شاہد ٹاک

شوپیان// امر ناتھ یاترا کے پیش نظروادی کے فروٹ ڈیلرس کی جانب سے سرینگر جموں شاہراہ پر میوہ گاڑیوں کو روکنے کے معاملے پر لیفٹیننٹ گورنر کی جانب سے متبادل راستہ تلاش کرنے کے احکامات کے بعد مغل روڑ سے مال بردار گاڑیوں کی روانگی شروع ہوگئی ہے۔ ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ منگل کو مغل روڑ کے ذریعہ 276خالی ٹرک،میوہ اور سبزی کے 132ٹرک، ٹینکر اور گیس ٹرک 92، اورٹیمپو 30س میت کل751گاڑیاں روانہ ہوئیں۔یاد رہے کہ پیر کی صبح 5بجے سے شام پانچ بجے تک مغل روڑ کے راستے قریب 150مال بردار گاڑیاں جموں اور ملک کے دیگر حصوں کیلئے روانہ ہوئیں ۔ ان گاڑیوں میں خوبانی، پلم، سیب حضرتبلی اور سیب کنڈیشن کے علاوہ چیری بھی تھے۔انہوں نے کہا کہ اسکے علاوہ250سے زائدخالی ٹرک بھی واپس چلے گئے۔واضح رہے کہ مغل روڑ سے 6سے 10ٹائر والے ٹرک وں کو اجازت ہے جبکہ10ٹائر سے زیادہ ٹرکوں کو سرینگر جموں شاہراہ پر چلنے کی اجازت ہے جن کیلئے یہ لازمی ہوگا کہ انہوں نے صبح سات بجے سے بعد دوپہر دو بجے تک قاضی گنڈ چیک پوائنٹ تک رسائی کی ہو۔ان گاڑیوں کو یاتریوں کا قافلہ اور بعد میں کانوائے کی روانگی کے بعد چھوڑ دیا جاتا ہے۔