عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر میں جون 2026 کے دوران آٹوموبائل ریٹیل مارکیٹ میں نمایاں تیزی دیکھنے کو ملی ہے۔ فیڈریشن آف آٹوموبائل ڈیلرز ایسوسی ایشن (FADA) کی تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں گاڑیوں کی فروخت میں 51.01 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ مئی 2026 کے مقابلے میں بھی فروخت میں تقریباً 11 فیصد اضافہ ہوا۔ ماہرین کے مطابق یہ رجحان صارفین کے بڑھتے ہوئے اعتماد، معاشی سرگرمیوں میں بہتری اور مختلف شعبوں میں گاڑیوں کی مسلسل طلب کا عکاس ہے۔رپورٹ کے مطابق جون 2026 میں جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 22 ہزار 13 گاڑیاں فروخت ہوئیں، جبکہ جون 2025 میں یہ تعداد 14 ہزار 577 تھی۔ مئی 2026 میں 19 ہزار 799 گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں۔دو پہیہ موٹرز کا شعبہ بدستور سب سے بڑا رہا۔ جون کے دوران 12 ہزار 589 موٹر سائیکلیں اور اسکوٹر فروخت ہوئے، جو گزشتہ سال جون کے مقابلے میں تقریباً 41 فیصد زیادہ ہیں۔
مسافر گاڑیوں کی فروخت میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ اس شعبے میں فروخت 73.64 فیصد بڑھ کر 6 ہزار 522 یونٹس تک پہنچ گئی، جبکہ گزشتہ سال جون میں 3 ہزار 756 گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں۔کمرشل گاڑیوں کی فروخت میں بھی نمایاں بہتری آئی اور یہ 76.10 فیصد اضافے کے ساتھ 736 سے بڑھ کر ایک ہزار 401 یونٹس تک پہنچ گئی۔ اسی طرح تین پہیہ گاڑیوں کی فروخت میں 63.16 فیصد اضافہ ہوا اور یہ 893 سے بڑھ کر ایک ہزار 457 یونٹس ہوگئی۔ ٹریکٹروں کی فروخت میں بھی معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور 338 ٹریکٹر فروخت ہوئے۔البتہ تعمیراتی مشینری (کنسٹرکشن ایکوپمنٹ) کے شعبے میں کمی دیکھی گئی، جہاں فروخت 66 یونٹس سے گھٹ کر صرف 24 یونٹس رہ گئی۔فاڈا جموں و کشمیر کے چیئرمین سنجے اگروال نے کہا کہ جون کے دوران تقریباً تمام بڑی گاڑیوں کے زمروں میں مثبت نمو ریکارڈ کی گئی، جو مضبوط مارکیٹ اور صارفین کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی نشاندہی کرتی ہے۔