یو این آئی
ممبئی//نجی شعبے کے آئی سی آئی سی آئی بینک نے جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں 14,805 کروڑ روپے کا خالص منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 15.9 فیصد زیادہ ہے۔بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ کے بعد جاری مالی نتائج کے مطابق، سہ ماہی کے دوران نیٹ انٹرسٹ انکم (خالص سودی آمدنی) 12.7 فیصد بڑھ کر 24,384 کروڑ روپے ہو گئی، جبکہ سود کے علاوہ دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدنی 16 فیصد اضافے کے ساتھ 8,425 کروڑ روپے رہی۔بینک نے بتایا کہ فیس کی مد میں آمدنی 23.5 فیصد بڑھ کر 7,286 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جس میں مجموعی فیس کا 72 فیصد حصہ ریٹیل، دیہی اور بزنس بینکنگ صارفین سے حاصل ہوا۔اسی دوران بینک کے آپریشنل اخراجات بھی سالانہ بنیاد پر 10.4 فیصد بڑھ کر 12,574 کروڑ روپے ہو گئے۔بینک کی مجموعی قرضہ جاتی رقم ایک سال پہلے کے مقابلے میں 19.6 فیصد اضافے کے ساتھ 16,31,260 کروڑ روپے تک پہنچ گئی، جبکہ مجموعی ڈپازٹس 14 فیصد بڑھ کر 18,33,586 کروڑ روپے ہو گئے۔ کرنٹ اور سیونگ اکانٹس میں جمع رقوم میں بھی 12.1 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔