قربانی کے جانوروں کا سرکاری نرخنامہ حکومتی فیصلے پرعملدر آمد کرانے کیلئے 12اضافی ٹیمیں تشکیل

بلال فرقانی

سرینگر// وادی میں عید الالضحیٰ کی مناسبت سے قربانی کے جانوروں کی مقررہ قیمتوں کا زمینی سطح پر صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سرینگر میں12 چیکنگ اسکارڈتشکیل دیئے گئے ہیں جبکہ دیگر اضلاع میں بھی اسی طرز پر ٹیموں کو تشکیل دینے کی ہدایت دی گئی ہے۔محکمہ امور صارفین کے ڈائریکٹر کی جانب سے جاری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ عید الالضحیٰ کے پیش نظر سرینگر میں12ضافی ٹیموں کی تشکیل عمل میں لائی گئی ہے اور یہ ٹیمیںمخصوص مقامات اور قربانی کے جانوروں کی خریداری کی منڈیوں میں تعینات رہیں گی۔

 

آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ان ٹیموں کی تشکیل کا مقصد قربانی کے جانوروں کی خریداری میں موقعہ پر لوگوں کے مسائل اور شکایات کا ازالہ کرنا ہے،اور ضرورت پڑنے پر یہ ٹیمیں نزدیکی پولیس تھانوں سے مدد بھی طلب کرسکتی ہیں۔ آرڈر کے مطابق یہ ٹیمیں،پہلے سے ہی شمالی،جنوبی اور مرکزی انفورسمنٹ اسکارڈ،جو اسسٹنٹ ڈائریکٹر انفورسمنٹ کے ماتحت کام کر رہی ہیں،کے علاوہ ہونگی۔ ان ٹیموں میں متعلقہ ’ٹی ایس ائو‘ز‘ کو شامل کیا گیا ہے۔جن علاقوں میں یہ ٹیمیں کام کریں گی ان میں حبک، گلاب باغ، تیل بل، نسیم باغ،زکورہ، حضرت بل یونیورسٹی، سعدہ کدل، نگین، حول، علمگری بازارکے علاوہ نوشہرہ،مل سٹاپ، صورہ،90فٹ روڑ، بژھ پورہ، احمد نگر، پاندچھ، آمد ہ کدل،رعناواری، بربرشاہ، ڈلگیٹ،درگجن، بٹوارہ،سونہ وار،پانتہ چھوک، کھنموہ ، نشاط،برین،شالیمار،ہارون،ملہ فاگ،دارا و ملحقہ جات شامل ہیں۔ آرڈر کے مطابق ان ٹیموں کے حدود میں نوشہرہ، صفا کدل، عید گاہ،علی جان روڑ،زونی مر،خانیار، خیام،نائو پورہ،بلبل لنکر،زینہ کدل، مہاراج گنج، حبہ کدل،گائو کدل، پتھر مسجد،بٹہ پورہ،برز ہامہ سمیت چھتہ بل،شاہیار،ٹھگ بابا،کنہ کدل،ٹنکی پورہ،پرشیار،امیرا کدل، شہید گنج، ہفت چنار، سولنہ اور اس کے ملحقہ جات شامل ہیں۔

 

حکم نامہ کے مطابق یہ ٹیمیں جن علاقوں میںکام کریں گی ان میں راج باغ، قمرواری، شالہ ٹینگ، ایچ ایم ٹی،پاریمپورہ، لاوئے پورہ،مجہ گنڈ، ملورہ، سنگم،گنڈ حسی بٹ،مہجور نگر، جواہر نگر، لسجن،رام باغ، چھانہ پورہ، نوگام بائی پاس، حیدرپورہ،برزلہ، پیر باغ،ہمہامہ، راولپورہ،رنگریٹ، بٹہ مالو، نمائش روڑ، ٹینگہ پورہ بائی پاس، نواب بازار، کرن نگر،بال گارڈن،کاکہ سرائے اور اس کے نواحی علاقہ جات شامل ہیں۔ ٹیموں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیادوں پر متعلقہ اسسٹنٹ دائریکٹروں کو تعمیلی رپورٹ پیش کریں،جبکہ متنبہ کیا گیا ہے جو بھی افسر کوتاہی سے کام لے گا اس کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دیگر اضلاع کے اسسٹنٹ دائریکٹروں کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسی طرز پر اپنے حدود میں آنے والے اضلاع میں ٹیموں کو تشکیل دیں۔ محکمہ کی جانب سے قربانی کیلئے پیش کئے جانے والے جانوروں کی قیمتوں کو مقرر کرنے کے بعداب محکمانہ کارروائی شروع کی گئی ہے۔