جے کے بینک میں نئے سافٹ وئیر کی تنصیب کام کاج ٹھپ،صارفین مشکلات سے دوچار

سرینگر//جموں و کشمیر بینک کی جانب سے نئے سافٹ ویئر کی تنصیب کے پیش نظر بنک کی تمام شاخوں میں لین دین اور دیگر طریقہ کار متاثر ہوا، جس سے لوگوں کوشدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ جموں و کشمیر کی تمام برانچوں میں پیرکی صبح سسٹم نے کام کرنا بند کیا۔ بینک سے جڑے گاہکوں اورصارفین نے کہا کہ چیکوں کے ذریعے ہونے والا لین دین متاثر ہوا کیونکہ چیک قبول نہیںکئے جا رہے تھے۔بنک کے کچھ ذمہ داروں نے میڈیاکوبتایا کہ مذکورہ بینک کی کئی شاخوں میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ اس پر کام ہورہا ہے اور خدمات کو بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔قابل غور بات یہ ہے کہ بینک نے عام لوگوں کو ایک پیشگی ایس ایم ایس بھیجا تھا جس میں یہ بتایا گیا تھا ’’اس مہینے میں طے شدہ بڑے سسٹم اپ گریڈ کی وجہ سے خدمات میں عارضی خلل پڑ سکتا ہے۔ ہم آپ سے تعاون کی درخواست کرتے ہیں اور ہمارے ساتھ برداشت کرنے کی درخواست کرتے ہیں۔‘‘ جے کے بنک کے ایک اعلی عہدیدار نے بتایا کہ نیا سسٹم سافٹ ویئر صارف دوست ہوگا اور ایک بار کام کرنے کے بعد صارفین کا وقت بچ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نیا نظام جلد فعال ہو جائے گا۔