یو این آئی
اقوام متحدہ// اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگلے چند سال انتہائی نازک ہیں، ماحولیاتی آلودگی کے لہر کو روکنے کے لیے دنیا کو ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک اور اس کے استعمال میں کمی کو نصف کردینا چاہیے ۔ڈان میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق پلاسٹک کے اثرات کے بارے میں تشویش بڑھ رہی ہے ، مائیکرو پلاسٹک کے ٹکڑے سمندر کی گہرائیوں سے لے کر ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی تک پائے جاتے ہیں جبکہ انسانوں میں، ان کا سراغ خون، چھاتی کے دودھ اور نال تک میں ملا ہے ۔اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام (یو این ای پی) کی یہ رپورٹ تقریباً 200 ممالک کے مذاکرات کاروں کی پیرس میں ملاقات سے دو ہفتے قبل سامنے آئی ہے جس کا مقصد اگلے سال پلاسٹک کی آلودگی کے خاتمے کے لیے ایک قانونی معاہدے تک پہنچنا ہے ۔رپورٹ میں استعمال شدہ مواد کے دوبارہ استعمال، ری سائیکلنگ اور متنوع بنانے پر مبنی ایک تین جہتی منصوبہ ترتیب دیا ہے تاکہ 2040 تک مجموعی طور پر پلاسٹک کی آلودگی کو 80 فیصد تک کم اور ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک کی پیداوار کو نصف کیا جاسکے ۔