ایجنسیاں
کیف//روسی حکام کے مطابق ہفتے کے روز یوکرین کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملوں کی ایک لہر میں روس کے دو گوداموں کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں کم از کم سات افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے جبکہ ماسکو کے نواحی علاقے میں ایک آئل ڈپو میں بھی آگ لگ گئی۔تامبوف ریجن کے گورنر ایوگینی پیرویشوف نے بتایا کہ کوتووسک شہر میں روس کی سب سے بڑی آن لائن ریٹیل کمپنی وائلڈ بیریز کے ایک گودام پر یوکرینی ڈرون حملے میں 25 افراد زخمی ہوئے۔ کوتووسک ماسکو سے تقریباً 475 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔گورنر کے مطابق رات کی شفٹ میں کام کرنے والے سات افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حملے سے قبل 28 ڈرون مار گرائے گئے تھے۔پیرویشوف نے کہا کہ اگر تمام ڈرون اپنے اہداف تک پہنچ جاتے تو شہری ہلاکتوں کی تعداد کہیں زیادہ ہو سکتی تھی۔دوسری جانب ماسکو ریجن کے گورنر آندرے وروبیوف نے بتایا کہ ماسکو کے مشرق میں واقع شہر الیکٹروسٹال میں وائلڈ بیریز کے ایک اور گودام پر ڈرون حملے کے نتیجے میں 24 افراد زخمی ہوئے۔وائلڈ بیریز کی شریک بانی اور چیف ایگزیکٹو تاتیانا کِم نے اس واقعے کو روس اور کمپنی کے لیے ایک ہولناک رات قرار دیتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔گورنر وروبیوف نے مزید بتایا کہ ماسکو ریجن کے ہی شہر نوگنسک میں گرنے والے ڈرون کے ملبے سے ایک آئل ڈپو میں آگ لگ گئی۔انہوں نے آئل ڈپو کو پہنچنے والے نقصان کی تفصیلات نہیں بتائیں، تاہم کہا کہ نوگنسک میں دو افراد زخمی ہوئے جبکہ احتیاطی تدابیر کے تحت ایک قریبی ہسپتال کو خالی کرا لیا گیا۔