یواین آئی
اسلام آباد// پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبر پختونخواہ میں دو حریف گروپوں کے درمیان ہوئی فائرنگ میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔یہ جانکاری پولیس نے منگل کے روز دی ہے ۔کوہاٹ پولیس حکام نے نیوز ایجنسی ژنہوا کو بتایا کہ یہ واقعہ پیر کو دیر گئے صوبے کے ضلع کوہاٹ کے قبائلی علاقے درہ آدم خیل میں متنازعہ کوئلے کی کان کی حد بندی پر دو گروپوں کے درمیان پیش آیا۔ جس میں 16 افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بتایا کہ یہ واقعہ دو قبائلی گروپوں کے درمیان دیرینہ تنازعہ کی وجہ سے پیش آیا اور مقامی قبائلی عدالت ‘جرگہ’ نے متحارب گروپوں کے درمیان معاملہ میں صلح کرانے کے لیے کئی میٹنگوں کا اہتمام کیا۔ اس دوران جب پیر کو کوئلے کی کان میں کام کے دوران دونوں گروپوں کا آمنا سامنا ہوا تو یہ گروپ پرتشدد ہو گئے ۔ مقامی میڈیا کے مطابق واقعے کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور متاثرین کو نزدیکی اسپتال میں داخل کرایا۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔ پولیس نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متنازعی کوئلے کی کان کا اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے ۔ پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد کچھ مجرم موقع سے فرار ہوگئے ، اور ان کی گرفتاری کے لیے تلاشی مہم جاری ہے ۔
نیومیکسیکو میں فائرنگ | 3ہلاک، متعدد زخمی
یواین آئی
ہیوسٹن// امریکی ریاست نیو میکسیکو کے فارمنگٹن میں پیر کے روز ہوئی فائرنگ سے کم از کم تین افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ یہ معلومات ایک فیس بک پوسٹ کے ذریعے شیئر کرتے ہوئے فارمنگٹن پولیس نے کہا کہ کم از کم تین اموات سمیت متعدد شہری زخمی ہوئے ہیں۔گولی لگنے اور ہسپتال میں داخل ہونے والوں میں سٹی پولیس کا ایک رکن اور نیو میکسیکو سٹیٹ پولیس کا ایک رکن سمیت دو پولیس افسران شامل ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں کی حالت مستحکم ہے ۔ پولیس نے بتایا ایک مشتبہ شخص کا مقابلہ کیا گیا اور وہ جائے وقوعہ پر ہی مار ا گیا۔
پولیس نے کہا کہ مشتبہ شخص کی شناخت معلوم نہیں ہوسکی اور اس وقت دیگر کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ بروک سائیڈ پارک کے علاقے میں مقامی وقت کے مطابق صبح 11 بجے کے بعد پیش آیا اور شہر کے تمام اسکولوں میں سیکورٹی کے مدنظر ‘احتیاطی لاک ڈاؤن’ نافذ کر دیا گیا ہے ۔