اقوام متحدہ// اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ تنازعات سے متاثرہ ملک سوڈان میں فوری امداد فراہم کرنے کے لیے 3 ارب 3 کروڑ ڈالر کی ضرورت ہوگی اور رواں برس 10 لاکھ سے زائد افراد کی پڑوسی ممالک نقل مکانی کا امکان ہے ۔ اقوام متحدہ نے کہا کہ گزشتہ ماہ سوڈان میں خونریز تنازع شروع ہونے کے بعد سے امداد کی ضرورتوں میں اضافہ ہوا ہے ، جس کے سبب اقوام متحدہ نے اپنی حکمت عملی پر نظر ثانی کی ہے ۔
اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے ادارے کے جنیوا میں واقع بیورو کے سربراہ رمیش راجاسنگھم نے صحافیوں کو بتایا کہ سوڈان کی نصف سے زیادہ آبادی کو انسانی امداد اور تحفظ کی ضرورت ہے ، یہ مدد کے طلبگار افراد کی سب سے بڑی تعداد ہے جو اب تک ہم نے کسی ملک میں دیکھی ہے ۔15 اپریل کو سوڈان کے آرمی چیف عبدالفتاح البرہان اور ان کے سابق نائب محمد حمدان دگلو کے درمیان لڑائی شروع ہوئی، جو نیم فوجی دستے ریپڈ سپورٹ فورسز (آر اسی یف) کی قیادت کرتے ہیں۔