عظمیٰ نیوزسروس
جموں//نگروٹہ سے رکن قانون ساز اسمبلی دیویانی رانا نے ہفتہ کے روز اپنی پہلی اسمبلی تقریر میں اپنے آنجہانی والد اور سینئر رہنما دیویندر سنگھ رانا کو خراجِ عقیدت پیش کیا، ساتھ ہی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے بجٹ میں نمایاں کٹوتی اور یونین ٹیریٹری کو درپیش دیگر اہم شہری مسائل پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔بجٹ اجلاس کے دوران وزیر اعلی عمر عبداللہ کی جانب سے پیش کیے گئے بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے، دیویانی رانا نے کہا کہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے لیے مختص فنڈز میں کمی تشویشناک ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب جموں و کشمیر موسمیاتی تبدیلیوں سے جڑی آفات کی زد میں ہے۔انہوں نے کہا،برابر اور منصفانہ امداد، مضبوط تیاری اور پائیدار بنیادی ڈھانچے کی اشد ضرورت ہے۔ سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور شدید موسمی حالات کے دوران آفات سے متعلق فنڈز میں کٹوتی ایک غلط پیغام دیتی ہے۔صفائی کارکنوں کے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے دیویانی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی بیت الخلاوں اور صفائی کے کاموں میں مصروف ملازمین کی فوری ذمہ داری لے۔انہوں نے کہا،یہ ملازمین عزت و وقار کے ساتھ انتہائی ضروری خدمات انجام دے رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ ان کی بروقت اور منصفانہ تنخواہوں کو یقینی بنائے۔بجلی کے بحران پر بات کرتے ہوئے، دیویانی رانا نے پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی صورتحال کو خاص طور پر سرمایہ جاتی اخراجات اور بنیادی ڈھانچے کے حوالے سیانتہائی تشویشناک قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قلت اور کمزور نظام بدستور عوام کے لیے مسائل پیدا کر رہا ہے، حتی کہ دارالحکومت کے علاقوں میں بھی۔اپنی پہلی تقریر میں دیویانی رانا نے حکومت کو عوام کے تئیں اس کی ذمہ داری یاد دلاتے ہوئے کہا،ہمیں عوام نے منتخب کر کے اس ایوان میں بھیجا ہے تاکہ ہم ان کی خدمت کریں۔ ان کے مسائل کو خلوص اور فوری توجہ کے ساتھ حل کیا جانا چاہیے۔