عظمیٰ ویب ڈیسک
کولگام/چیف پرنسپل سینس افسر (سی پی سی او) اور ڈائریکٹر سینس آپریشنز جموں و کشمیر و لداخ، امت شرما نے بدھ کے روز ضلع کولگام میں جاری مردم شماری تیاریوں کا جائزہ لیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ہاؤس لسٹنگ آپریشن کو کامیاب بنانے کے لیے مردم شماری عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔جاری ایک بیان کے مطابق، امت شرما نے کولگام کا دورہ کیا اور منی سیکریٹریٹ کولگام کے کانفرنس ہال میں پرنسپل سینس افسر، ضلع مردم شماری افسر، چارج افسران، مردم شمار کنندگان اور سپروائزرز کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔ترجمان کے مطابق اجلاس میں مردم شماری کی جاری تیاریوں اور ہاؤس لسٹنگ آپریشن (ایچ ایل او) کے پہلے مرحلے پر تبادلہ خیال کیا گیا، جو یکم جون سے 30 جون تک جاری رہے گا۔
بیان میں کہا گیا کہ امت شرما نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور درست اعداد و شمار جمع کرنے کے ساتھ ساتھ فیلڈ عملے کے درمیان مؤثر تال میل کی اہمیت پر زور دیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امت شرما نے مردم شماری عمل کی اہمیت کو اجاگر کیا اور مردم شمار کنندگان و سپروائزرز پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں دیانتداری، لگن اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں تاکہ ہاؤس لسٹنگ آپریشن کو کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔اجلاس میں پرنسپل سینس افسر کولگام، شہزاد عالم سمیت دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ اس دوران مردم شماری آپریشن، فیلڈ سطح پر رابطہ کاری اور عوامی تعاون سے متعلق مختلف امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان کے مطابق حکام نے اس اہم قومی عمل کو ضلع بھر میں خوش اسلوبی اور مؤثر انداز میں مکمل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔میڈیا خصوصاً دوردرشن نیوز سے بات کرتے ہوئے امت شرما نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مردم شماری عملے کے ساتھ تعاون کریں اور مطلوبہ معلومات فراہم کریں۔انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ مردم شماری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ اس عمل کو بروقت اور خوش اسلوبی سے مکمل کیا جا سکے۔روانگی سے قبل امت شرما نے عوام کو یقین دلایا کہ مردم شماری کے دوران حاصل کی جانے والی تمام معلومات مکمل طور پر خفیہ رکھی جائیں گی اور قانون کے مطابق کسی فرد یا ادارے کے ساتھ شیئر نہیں کی جائیں گی۔
کولگام میں مردم شماری تیاریوں کا جائزہ، عوام سے تعاون کی اپیل