عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/نیشنل کانفرنس نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے آئندہ مانسون اجلاس کے پہلے دن نئی دہلی میں احتجاج کرے گی اور جموں و کشمیر کے ریاستی درجے کی بحالی اور آئینی ضمانتوں کی واپسی کا مطالبہ اٹھائے گی۔
یہ فیصلہ وزیر اعلیٰ عمرعبداللہ کی صدارت میں داچھی گام نیشنل پارک میں منعقدہ پارٹی کی اعلیٰ سطحی میٹنگ میں لیا گیا، جس میں پارٹی قیادت، وزراء اور اراکینِ اسمبلی نے شرکت کی۔
میٹنگ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے ترجمان اور رکن اسمبلی تنویر صادق نے کہا کہ نیشنل کانفرنس لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں جموں و کشمیر سے متعلق سیاسی اور ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے آغاز کے روز نئی دہلی میں جنتر منتر یا کسی اور مقررہ مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔
تنویر صادق نے کہا، ’’نیشنل کانفرنس نے فیصلہ کیا ہے کہ پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن ہم ریاستی درجے کی بحالی اور آئینی ضمانتوں کے مطالبے کو لے کر دہلی میں احتجاج کریں گے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی پارٹی کا بنیادی اور جائز مطالبہ ہے اور یہ جموں و کشمیر کے عوام کا آئینی حق اور ضمانت ہے۔
ان کا کہنا تھا، ’’اب وقت آ گیا ہے کہ ہم وہ چیز واپس مانگیں جو ہم سے چھین لی گئی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی عوامی حقوق اور جموں و کشمیر کی آئینی حیثیت سے متعلق اپنے مطالبات کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
ریاستی درجے کی بحالی کیلئے نیشنل کانفرنس کا پارلیمنٹ کے مانسون اجلاس کے پہلے دن دہلی میں احتجاج کا اعلان