عظمیٰ نیوز سروس
جموں//شمالی ریلوے کے جموں ڈویژن نے مئی 2026کے دوران بغیر ٹکٹ اور بے قاعدہ سفر کو روکنے اور ریلوے کی آمدنی کے تحفظ کے لیے ایک خصوصی ٹکٹ چیکنگ مہم چلائی۔ اس مہم کے دوران، ڈویژن کے ٹکٹ چیکنگ عملے نے ریلوے اسٹیشنوں، ٹرینوں اور پلیٹ فارمز پر سخت چیکنگ کی۔31مئی 2026تک موصولہ اعداد و شمار کے مطابق، جموں ڈویژن کی جانب سے بغیر ٹکٹ سفر کرنے اور بے قاعدہ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف کل 12,693کیس درج کیے گئے۔ ان کیسز سے ڈویژن کو مجموعی طور پر66,50,165کی آمدنی حاصل ہوئی۔ یہ آمدنی صرف ٹکٹ چیکنگ کے ذریعے ان مسافروں سے وصول کی گئی جو بغیر ٹکٹ سفر کر رہے تھے، بغیر درست پاس کے سفر کر رہے تھے، پلیٹ فارم ٹکٹ کے بغیر پلیٹ فارم پر موجود تھے، یا دیگر بے ضابطگیوں میں ملوث پائے گئے۔شری اُچت سنگھل، سینئر ڈویژنل کمرشل منیجر، جموں نے کہا کہ بغیر ٹکٹ سفر نہ صرف ریلوے کو مالی نقصان پہنچاتا ہے بلکہ درست ٹکٹ کے ساتھ سفر کرنے والے مسافروں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس سے نشستوں پر غیر قانونی قبضہ، بھیڑ میں اضافہ اور سیکیورٹی سے متعلق مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔ ان امور کو مدنظر رکھتے ہوئے، ڈویژن کی جانب سے باقاعدگی سے خصوصی چیکنگ اسکواڈ تعینات کیے جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جموں ڈویژن کا مقصد صرف جرمانہ وصول کرنا نہیں بلکہ مسافروں میں بیداری پیدا کرنا بھی ہے۔ مسافروں سے گزارش ہے کہ وہ اپنے سفر سے پہلے کمپیوٹرائزڈ ریزرویشن مراکز، یو ٹی ایس ایپ، آئی آر سی ٹی سی ویب سائٹ یا کاؤنٹرز سے درست ٹکٹ حاصل کریں۔ پلیٹ فارم پر مسافروں کو چھوڑنے یا لینے آنے والے افراد بھی پلیٹ فارم ٹکٹ ضرور حاصل کریں۔ بغیر ٹکٹ سفر کرتے ہوئے پکڑے جانے کی صورت میں ریلوے ایکٹ 1989 کی دفعات 137 اور 138 کے تحت قانونی کارروائی اور جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔جموں ڈویژن آئندہ بھی ایسی مہمات جاری رکھے گا تاکہ شفافیت برقرار رہے اور ایماندار مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔