یو این آئی
کینبرا// آسٹریلیا کے شمالی ساحل پر گر کر تباہ ہونے والے امریکی ہوائی جہاز کے ملبے سے امریکی بحریہ کے تین اہلکاروں کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں اور تلاش کا مشن جاری ہے۔یہ ہوائی جہاز اتوار کے روز آسٹریلیا کے شمالی ساحل پر معمول کی فوجی تربیتی مشق کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ امریکی طیارہ MV-22B آسپرے میں 23 اہلکار سوار تھے۔اتوار کی دیر شب ڈارون میں میرین روٹیشنل فورس نے تین بحری اہلکاروں کی موت اور دیگر 20 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے، جن میں سے پانچ کو علاج کے لیے رائل ڈارون اسپتال پہنچایا گیا ہے۔پیر کے روز حادثے کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے، شمالی علاقہ کے پولیس کمشنر مائیکل مورفی نے آسٹریلین براڈکاسٹنگ کارپوریشن (ABC) ریڈیو پر بتایا کہ ہنگامی خدمات کے ذریعے تین امریکی بحری اہلکاروں کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈارون سے تقریباً 60 کلومیٹر شمال میں میلویل جزیرے کے علاقے سے لاشیں نکالنے کے لیے ریسکیو ٹیم نے رات بھر کام کیا۔ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔آسٹریلیا کے وزیر دفاع رچرڈ مارلس نے آج اے بی سی ٹی وی پر بتایا کہ حکومت نے مرنے والوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کیا اور وہ کسی بھی طرح کی درکار مدد کی پیشکش کے لیے امریکی سفیر کیرولین کینیڈی سے رابطے میں ہے۔