عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/عوامی فلاح، یونین ٹیریٹری سے باہر کشمیریوں کی سلامتی اور جمہوری نمائندگی کو اہم مسائل قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے ایم ایل اے اور ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے جمعہ کو کہا کہ آئندہ بجٹ میں عوام کی امنگوں اور دیرینہ مطالبات کا مؤثر انداز میں ازالہ ہونا چاہیے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے، تنویر صادق نے کہا کہ بجٹ محض مالی دستاویز نہیں ہوتے بلکہ یہ عوام کے تئیں حکومت کے ارادوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت نے ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ تمام فیصلے عوامی مفاد کی اولین ترجیح کو مدِ نظر رکھ کر کیے جائیں گے۔
تنویر صادق نے کہا کہ عوام کے کئی مطالبات ابھی زیر التوا ہیں اور امید ظاہر کی کہ آنے والا بجٹ ان مسائل کا سنجیدگی سے جائزہ لے کر انہیں شامل کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام سے کیے گئے وعدوں کو ٹھوس پالیسی فیصلوں میں ڈھلنا چاہیے تاکہ زمینی سطح پر راحت اور ترقی فراہم ہو سکے۔دیگر ریاستوں میں کشمیریوں کو نشانہ بنانے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنویر صادق نے کہا کہ ایسے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں اور ان سے سختی سے نمٹا جانا چاہیے۔ اتراکھنڈ کے حالیہ واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی بروقت مداخلت سے فوری کارروائی ہوئی اور ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی۔ انہوں نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عبرتناک سزا کی اپیل کی۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر ذاتی تشہیر کے لیے کشمیریوں کو بدنام کرنے کی کوششوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ جموں و کشمیر کے تاجر اور طلبہ روزگار اور تعلیم کے حصول کے لیے ہی باہر جاتے ہیں۔ انہوں نے دہرایا کہ کشمیریوں نے ہمیشہ تشدد اور ملی ٹینسی کی مخالفت کی ہے اور کہا کہ ان کی سلامتی کو یقینی بنانا تمام ریاستوں کی آئینی ذمہ داری ہے۔
ڈوڈہ کے ایم ایل اے مہراج ملک کی مسلسل حراست کے حوالے سے تنویر صادق نے کہا کہ اس صورتحال سے عوام اپنی منتخب آواز سے محروم ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران کم از کم مہراج ملک کو رہا کیا جانا چاہیے تاکہ وہ اپنے حلقے کے مسائل کی مؤثر نمائندگی کر سکیں۔تنویر صادق نے اس بات پر زور دیا کہ جمہوری حقوق کا تحفظ، عوامی فلاح اور شہریوں کے وقار کا خیال رکھنا کسی بھی ذمہ دار حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
دیگر ریاستوں میں کشمیریوں کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول : تنویر صادق