ایجنسیز
دبئی//کویت نے بدھ کے روز اپنی تجارتی پروازیں معطل کر دیں، جب ایرانی ڈرون حملوں کے نتیجے میں ملک کے ہوائی اڈے کو شدید نقصان پہنچا اور کم از کم ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ یہ حملہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری جوابی کارروائیوں کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے، جس نے ایک نازک جنگ بندی کو سخت آزمائش میں ڈال دیا ہے۔یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے جب ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسیوں نے اطلاع دی کہ ایران نے امریکہ اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے تناظر میں جنگ بندی میں توسیع کے حوالے سے ثالثوں کے ساتھ رابطے منقطع کر دیے ہیں۔ایک علاقائی عہدیدار کے مطابق تہران کا مؤقف ہے کہ لبنان میں جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، اس کے بعد ہی مذاکرات کی میز پر واپسی ممکن ہوگی۔تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کا عمل بدستور جاری ہے۔