عظمیٰ ویب ڈیسک
کرگل/نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سابق وزیر خوراک قمر علی آخون جمعہ کے روز انتقال کر گئے، جس پر جموں و کشمیر کے سیاسی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔مرحوم کی وفات کی اطلاع قانون ساز اسمبلی کو نیشنل کانفرنس کے رکن اسمبلی تنویر صادق نے دی۔ اعلان کے فوراً بعد ایوان کے اراکین نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کی سیاسی و عوامی خدمات کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
قمر علی آخون کا تعلق کرگل کے گاؤں سنگرا سے تھا۔ وہ ایک تجربہ کار سیاستدان کے طور پر جانے جاتے تھے جنہوں نے اپنے دورِ سیاست میں کرگل اور خطہ لداخ کی مؤثر نمائندگی کی۔ وہ محکمہ خوراک کے وزیر بھی رہ چکے تھے اور ریاستِ سابقہ جموں و کشمیر کے مختلف سیاسی ادوار میں کوہستانی ضلع کی ایک مضبوط آواز سمجھے جاتے تھے۔
اسمبلی کے اراکین نے پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر عوامی فلاح و بہبود کے لیے ان کی خدمات کو سراہا اور دور دراز و بلند پہاڑی علاقوں کے عوام کے مسائل اجاگر کرنے میں ان کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔ متعدد اراکین نے انہیں ایک مخلص، عوام دوست اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے کوشاں رہنما قرار دیا۔ایوان میں ان کی یاد میں خاموشی اختیار کی گئی اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔قمر علی آخون کے انتقال سے کرگل کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم باب اختتام پذیر ہو گیا، جہاں وہ برسوں تک ایک بااثر اور نمایاں سیاسی شخصیت کے طور پر پہچانے جاتے رہے۔
سینئر این سی رہنما قمر علی اخون انتقال کر گئے، جموں و کشمیر اسمبلی کا خراجِ عقیدت