محتشم احتشام
پونچھ// شہر کے مصروف ترین مقامات میں شمار ہونے والے شیرِ کشمیر پل کے قریب جمع ہونے والے کچرے کے ڈھیروں نے نہ صرف علاقے کی خوبصورتی کو متاثر کیا ہے بلکہ ایک سنگین ماحولیاتی اور صحت عامہ کے مسئلے کو بھی جنم دیا ہے۔ پل کے قریب بڑی مقدار میں پڑا ہوا کچرا تعفن اور بدبو کا باعث بن رہا ہے، جس سے روزانہ گزرنے والے ہزاروں راہگیروں، تاجروں اور مقامی شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق میونسپل کونسل کی جانب سے شہر بھر کا کچرا وہاں جمع کیا جاتا ہے اور پل کے اطراف صفائی کا مناسب انتظام نہیں کیا گیا، جس کے نتیجے میں کچرا مسلسل جمع ہوتا جا رہا ہے۔
شدید گرمی کے موسم میں اس کچرے سے اٹھنے والی ناگوار بدبو نے ماحول کو آلودہ کر دیا ہے، جبکہ مکھیاں، مچھر اور دیگر جراثیم بھی بڑی تعداد میں پیدا ہو رہے ہیں، جو مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ شیرِ کشمیر پل شہر کا ایک اہم رابطہ مقام ہے جہاں سے روزانہ سینکڑوں گاڑیاں اور ہزاروں افراد گزرتے ہیں، تاہم کچرے کے انباروں نے اس اہم مقام کو گندگی کی آماجگاہ میں تبدیل کر دیا ہے۔ لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ صفائی ستھرائی کے دعووں کے باوجود زمینی سطح پر صورتحال تشویشناک بنی ہوئی ہے۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی اور متعلقہ صفائی عملے سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شیرِ کشمیر پل اور اس کے اطراف خصوصی صفائی مہم چلائی جائے، کچرے کو فوری طور پر ہٹایا جائے اور مستقل بنیادوں پر صفائی کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہو سکے۔مقامی باشندوں نے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ اس مسئلے کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے فوری اقدامات کرے گی تاکہ شہر کے اس اہم مقام کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول میں تبدیل کیا جا سکے۔