محمد بشارت
راجوری//ضلع راجوری کے محکمہ تعمیراتِ عامہ کے سب ڈویژن کوٹرنکہ کے تحت آنے والی متعدد سڑکیں خستہ حالی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خاص طور پر کوٹرنکہ سے بینمبل کنتھول جانے والی رابطہ سڑک کی ناگفتہ بہ حالت نے عوام کی پریشانیوں میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق یہ سڑک اب عوام کے لیے جان لیوا ثابت ہو رہی ہے اور اس پر سفر کرنا کسی خطرے سے خالی نہیں۔علاقہ کے مرد و زن نے سڑک کی خستہ حالی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے محکمہ تعمیراتِ عامہ کو ’غفلت کی نیند‘ سے بیدار کرنے کی کوشش کی۔ احتجاجی مظاہرین نے منتخب حکومت اور متعلقہ محکمہ کے خلاف زبردست نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز اور پسماندہ علاقہ کوٹرنکہ و خواص کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے، جبکہ یہاں کے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ کوٹرنکہ سے بڈھال گلی ہوتے ہوئے بینمبل کنتھول جانے والی اہم سڑک کی حالت انتہائی ابتر ہو چکی ہے۔ سڑک پر نہ تو مناسب نالیاں موجود ہیں، نہ ہی حفاظتی دیواریں تعمیر کی گئی ہیں اور نہ ہی تارکول کا کوئی نشان دکھائی دیتا ہے۔ جگہ جگہ بڑے بڑے گڑھے پڑ چکے ہیں، جس کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت دشوار ہو گئی ہے اور حادثات کا خطرہ ہر وقت منڈلاتا رہتا ہے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش کے دوران نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے سڑک کا پانی قریبی رہائشی علاقوں اور زرعی زمینوں میں داخل ہو گیا۔ اس کے نتیجے میں نیک رام، کالا رام، ست پال، سوم راج، صابر حسین، بشیر احمد، بلونتھ سنگھ، رشپال سنگھ، ذاکر حسین اور کشمیر سنگھ سمیت کئی افراد کی زمینوں اور رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا۔عوام کا کہنا ہے کہ اس سڑک سے ایک بڑی آبادی وابستہ ہے اور روزانہ سینکڑوں لوگ اسی راستے سے سفر کرتے ہیں، مگر محکمہ تعمیراتِ عامہ نے اس اہم سڑک کی مرمت کی جانب کوئی توجہ نہیں دی۔ مظاہرین نے وزیر برائے سڑکات سریندر چوہدری کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ بھی جموں و کشمیر کا حصہ ہے اور اسمبلی حلقہ بدھل کے تحت آتا ہے، اس لیے یہاں کی عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔مظاہرین نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری اور لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ محکمہ تعمیراتِ عامہ کو فوری طور پر متحرک کیا جائے اور بینمبل کنتھول سمیت دیگر خستہ حال سڑکوں کی جلد از جلد مرمت عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے اور کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔