یو این آئی
ہرات// مغربی افغانستان کے صوبہ ہرات میں اتوار کو زلزلے کی وجہ سے ایک شخص کی موت اور 35 دیگر زخمی ہو گئے۔
یہ اطلاع صوبائی حکومت کے ایک بیان میں دی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے، “ہرات میں آج مقامی وقت کے مطابق صبح 8:06 بجے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.2 تھی۔ زلزلے کا مرکز زنداجان ضلع میں تھا۔ زلزلے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور35 زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اتوار کی صبح ہرات اور اس کے گردونواح میں چند منٹوں کے اندر دو بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
خیال ر ہے کہ 7 اکتوبر کو صوبہ ہرات میں زلزلے کے نتیجے میں 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔ اس کے بعد ہرات میں زلزلے کے متعدد جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں۔