عشرت حسین بٹ
پونچھ/مغل شاہراہ کو شدید برف باری کے باعث قریباً دو ماہ تک بند رہنے کے بعد آج دوبارہ ٹریفک آمد و رفت کے لیے بحال کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ جنوری کے پہلے ہفتے میں بھاری برف باری کے سبب یہ اہم شاہراہ بند ہو گئی تھی جس سے پونچھ اور شوپیاں کے درمیان زمینی رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
حکام کے مطابق بی آر او (BRO) اور ضلعی انتظامیہ کی انتھک محنت کے نتیجے میں شاہراہ سے برف ہٹا کر اسے قابلِ آمد و رفت بنایا گیا۔ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر پونچھ اور ڈپٹی کمشنر شوپیاں کی جانب سے جاری حکمنامے کے بعد آج سے گاڑیوں کو شاہراہ پر چلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
انتظامیہ نے فی الحال احتیاطی تدابیر کے تحت صرف چھوٹی گاڑیوں کو صبح 11 بجے سے شام 3 بجے تک چلنے کی اجازت دی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ موسم اور سڑک کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ کے فیصلے کیے جائیں گے۔