عشرت حسین بٹ
منڈی// ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقے چکھڑی میں مسلسل شدید بارشوں کے باعث زمین کھسکنے کے متعدد واقعات پیش آئے، جس کے نتیجے میں کم از کم نو رہائشی مکانات کو شدید نقصان پہنچا ہے اور وہ اب رہائش کے قابل نہیں رہے۔ اس کے علاوہ ایک پرائمری سکول کی عمارت بھی متاثر ہو کر غیر محفوظ قرار دی گئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی ہدایات پر ایک اعلیٰ سطحی ٹیم نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا۔ اس ٹیم کی قیادت اے سی آر پونچھ اور ڈی وائی ایس پی ہیڈکوارٹر کر رہے تھے، جبکہ ان کے ہمراہ تحصیلدار منڈی، ایس ایچ او لورن، ایس ایچ او منڈی اور محکمہ مال کے دیگر اہلکار بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران ٹیم نے صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا اور متاثرہ افراد سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سنے۔ موقع پر ہی 9 مکانات اور ایک پرائمری سکول کو غیر محفوظ قرار دیا گیا۔
حکام کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت متاثرہ پرائمری سکول کو فوری طور پر قریبی نجی عمارت میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے متبادل رہائش کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
انتظامیہ نے بتایا کہ نائب تحصیلدار لورن کی نگرانی میں ایک ریلیف کیمپ بھی قائم کیا گیا ہے تاکہ متاثرین کو فوری امداد فراہم کی جا سکے۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
حکام نے مزید کہا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو متاثرہ رہائشیوں کی منتقلی کے لیے دو سرکاری عمارتوں کو بھی تیار رکھا گیا ہے۔
شدید بارشوں کے باعث منڈی کے چکھڑی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ، 9 مکانات اور ایک سکول غیر محفوظ قرار