عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر میں طبی تعلیم کے شعبے کو مزید فروغ دیتے ہوئے حکومت نے گورنمنٹ میڈیکل کالج (جی ایم سی) راجوری میں 50 اضافی ایم بی بی ایس نشستوں کی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد کالج کی سالانہ داخلہ گنجائش 100 سے بڑھ کر 150 ہوگئی ہے۔صحت و طبی تعلیم کی وزیر سکینہ ایتو نے منگل کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں اس اہم پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اضافی نشستوں سے طبی تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبہ کو مزید مواقع میسر آئیں گے اور جموں و کشمیر کے صحت کے نظام کو بھی تقویت ملے گی۔
https://x.com/sakinaitoo/status/2079516747703656849?s=20
وزیر موصوفہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں اور گورنمنٹ میڈیکل کالج سری نگر میں ایم بی بی ایس نشستوں میں کامیاب اضافے کے بعد اب جی ایم سی راجوری میں بھی 50 مزید نشستوں کی منظوری دی گئی ہے، جس سے کالج کی داخلہ صلاحیت 100 سے بڑھ کر 150 نشستیں ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں حکومت طبی تعلیم کو مضبوط بنانے، مستقبل کے ڈاکٹروں کے لیے مواقع میں توسیع کرنے اور جموں و کشمیر کے عوام کے لیے ایک بہتر، مضبوط اور زیادہ قابلِ رسائی صحت نظام کی تعمیر کے لیے پرعزم ہے۔سکینہ ایتو نے کہا کہ حکومت طبی شعبے میں بنیادی ڈھانچے اور تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے تاکہ خطے میں معیاری طبی تعلیم اور صحت خدمات کو مزید فروغ دیا جا سکے۔