محمد تسکین
بانہال/ادھم پور ضلع کے مختلف علاقوں میں منگل کے روز ہونے والی شدید بارش کے باعث جموں-سرینگر قومی شاہراہ کے متعدد مقامات پر مٹی کے تودے گرنے اور پتھر کھسکنے کے واقعات پیش آئے، جس کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر ٹریفک کو ڈاؤن ٹیوب کے ذریعے موڑ دیا گیا۔ٹریفک حکام کے مطابق شاہراہ کے اپ ٹیوب حصے میں شاردا ماتا مندر، تھراد، بالی نالہ اور کھیری کے مقامات متاثر ہوئے، جہاں مسلسل بارش کے نتیجے میں مٹی کے تودے گرنے اور پتھر کھسکنے کا سلسلہ جاری رہا، جس سے مسافروں کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو گیا۔
حفاظتی اقدامات کے تحت ٹریفک کو عارضی طور پر ڈاؤن ٹیوب کی جانب منتقل کیا گیا ہے جبکہ متاثرہ مقامات پر بحالی کا کام جاری ہے۔نیشنل ہائی ویز اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) نے ملبہ ہٹانے اور شاہراہ پر ٹریفک کی معمول کی آمدورفت بحال کرنے کے لیے عملہ اور مشینری تعینات کر دی ہے۔حکام نے مسافروں کو احتیاط کے ساتھ سفر کرنے اور ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ متاثرہ مقامات کی مکمل صفائی اور ٹریفک کی بحالی سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔