عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ نیٹ پیپر لیک معاملے میں خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا اور انہیں سخت سے سخت سزا دی جائے گی۔مرکزی وزیرِ برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوئی قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں کہا،نیشنل ایلیجیبلٹی کم اینٹرنس ٹیسٹ (نیٹ) کے بارے میں وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا کہ گڑبڑ کی خبریں ملنے پر سرکار نے فوری کارروائی کی۔ تیرہ لوگوں کو گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ طلبہ کے مستقبل کو ترجیح دیتے ہوئے بغیر کسی تاخیر کے دوبارہ امتحان کرایا گیا اور نتائج کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مسٹر مودی نے کہا کہ پیپر لیک معاملے کو روکنا صرف سرکار کی ذمہ داری نہیں ہے۔ اس کے خلاف ریاستی سرکاروں اور تمام پارٹیوں کو مل کر لڑنا ہوگا۔
پارلیمانی امورکے وزیرِ نے بتایا کہ مودی نے مستقبل میں پیپر لیک جیسے واقعات کو روکنے کے لیے اٹھائے جا رہے سخت اقدامات کے بارے میں بھی معلومات دی ہیں۔ انہوں نے خاطیوں کو سزا دینے اور مل کر ایک ایسا نظام بنانے پر زور دیا، جس میں کوئی کمی نہ ہو۔ اس دوران انہوں نے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے بارے میں کہا کہ این ڈی اے جاری مانسون سیشن کے دوران مثبت کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا، ملک کے مفاد میں لائے گئے بلوں اور قانون سازی کے کام کاج کو پاس کرانے کے ہمارے عزم میں ہم متحد ہیں۔ ہم اپوزیشن سے بھی اپیل کرتے ہیں کہ بھلے ہی مختلف پارٹیوں کی رائے الگ الگ ہو، لیکن ملک، اس کے مستقبل اور نوجوانوں کے لیے وہ مل کر کام کریں۔
نیٹ پیپر لیک معاملے کے خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا: مودی