عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو کہا کہ جموں و کشمیر میں منشیات اور نارکو ٹیررکے خلاف جنگ ایک فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور 100 روزہ ’’نشہ مکت جموں و کشمیر ابھیان‘‘ محض ایک آغاز ہے، جبکہ منشیات فروشوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے تحت ان کے خلاف سخت ترین کارروائی جاری رہے گی۔شیرِ کشمیر انٹرنیشنل کانفرنس سینٹر (SKICC) سری نگر میں 100 روزہ مہم کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے حالیہ دنوں راجوری، پونچھ اور ڈوڈہ اضلاع میں سیلابی صورتحال کے دوران جان گنوانے والے افراد کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سول انتظامیہ، پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے متاثرین کی مدد اور راحت رسانی کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر جاں بحق افراد کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔منشیات مخالف مہم کا ذکر کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ یہ لڑائی ابھی ختم نہیں ہوئی بلکہ ایک طویل اور مسلسل جدوجہد کا آغاز ہے۔انہوں نے کہا، ’’یہ 100 روزہ مہم صرف شروعات ہے۔ ہماری جنگ ختم نہیں ہوئی۔ آگے کا راستہ طویل اور چیلنجوں سے بھرپور ہے اور ہمیں مزید عزم و حوصلے کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے چار برس قبل ’’نشہ مکت بھارت ابھیان‘‘ شروع کیا تھا، جبکہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ مسلسل ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں منشیات مخالف اقدامات کا جائزہ لے رہے ہیں تاکہ اس مہم کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کئی برسوں سے منشیات کے خلاف کارروائیاں انجام دے رہی ہے، تاہم نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے رجحان کے پیش نظر انتظامیہ نے پورے جموں و کشمیر میں خصوصی 100 روزہ مہم شروع کی۔
منوج سنہا نے کہا کہ مہم کے دوران انہوں نے جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع کا دورہ کیا اور منشیات کی لعنت سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔انہوں نے کہا، ’’میں نے والدین کے درد، ماؤں کی اذیت اور ان خاندانوں کی امید دیکھی جو اپنے پیاروں کی معمول کی زندگی میں واپسی کے منتظر ہیں۔ جموں و کشمیر میں اپنے چھ برس کے دوران میں نے اس پیمانے کی عوامی تحریک کبھی نہیں دیکھی۔‘‘انہوں نے اس مہم کو ایک عوامی تحریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جو مہم حکومت نے شروع کی تھی، وہ وقت کے ساتھ ایک بڑے عوامی مشن میں تبدیل ہو گئی جس میں عوام نے بھرپور حصہ لیا۔
مہم کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ اس دوران 20,292 ایف آئی آرز درج کی گئیں، 92 منشیاتی نیٹ ورکس کو ختم کیا گیا، 4,474 منشیات کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی کی گئی اور منشیات کے کاروبار سے وابستہ 188.9 کروڑ روپے مالیت کی جائیدادیں ضبط کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ منشیات فروشوں کے خلاف PIT-NDPS ایکٹ کے تحت بھی سخت کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ اس کے علاوہ 884 ڈرائیونگ لائسنس معطل یا منسوخ کرنے، 687 گاڑیوں کی رجسٹریشن منسوخ کرنے، 64 پاسپورٹس ضبط کرنے، 8 اسلحہ لائسنس معطل کرنے اور متعلقہ افراد کی سیکیورٹی واپس لینےکی سفارشات بھی کی گئیں۔
منشیات فروشوں کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں سرگرم نارکو ٹیررزم کے پورے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا، ’’یہ ان عناصر کے لیے آخری وارننگ ہے جو سمجھتے ہیں کہ وہ قانون سے بچ سکتے ہیں۔ جو لوگ ہمارے نوجوانوں کی زندگیاں تباہ کر رہے ہیں، وہ سخت ترین سزا کے مستحق ہیں۔ اگر آپ دوسروں کی زندگی برباد کریں گے تو قانون بھی آپ کو نہیں بخشے گا۔‘‘
لیفٹیننٹ گورنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منشیات فروشوں کے بارے میں معلومات پولیس کے ساتھ شیئر کریں اور اس مہم کا حصہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ سول سوسائٹی کو چاہیے کہ وہ منشیات کے کاروبار میں ملوث افراد کا سماجی بائیکاٹ کرے، کیونکہ اس برائی کے خاتمے کے لیے عوامی تعاون انتہائی ضروری ہے۔انہوں نے نشے کے عادی افراد کی بحالی اور علاج کے مراکز کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد کو دوبارہ معمول کی زندگی کی طرف لانے کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے میں ماؤں اور خواتین کے کردار کو بھی انتہائی اہم قرار دیا۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے عزم کا حوالہ دیتے ہوئے منوج سنہا نے کہا کہ جس طرح ملک بائیں بازو کی انتہاپسندی کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کر رہا ہے، اسی طرح منشیات کے کاروبار اور اس کے ملی ٹینسیسے روابط کو بھی ختم کیا جائے گا۔اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا:’’یہ مہم ختم نہیں ہوئی بلکہ ابھی شروع ہوئی ہے۔ ہم سب مل کر اس مشن کو جاری رکھیں گے جب تک جموں و کشمیر کو منشیات کی لعنت سے مکمل طور پر پاک نہیں کر دیا جاتا۔‘‘
100روزہ منشیات مخالف مہم محض آغاز، نارکو ٹیررکے خلاف جنگ جاری رہے گی: ایل جی منوج سنہا