عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/جموں کے اکھنور سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے قریب ایک 53 سالہ پاکستانی شہری کو بارڈر سکیورٹی فورس نے بھارتی حدود میں داخل ہونے پر حراست میں لے لیا۔سرکاری ذرائع کے مطابق محمد رفیق کالا نامی شخص، جو پاکستان کے گاؤں پنڈی کا رہائشی ہے، منگل کی علی الصبح اکھنور کے کھوڑ علاقے کے پرگوال سیکٹر میں سرحد عبور کرتے ہوئے دیکھا گیا، جس کے بعد بی ایس ایف اہلکاروں نے اسے گرفتار کر لیا۔
ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران محمد رفیق کالا نے بتایا کہ وہ اپنی بہن سے ملاقات کے لیے گیا تھا اور راستہ بھٹک جانے کے باعث غیر ارادی طور پر سرحد پار کر کے بھارتی حدود میں داخل ہو گیا۔حکام نے بتایا کہ اس کے قبضے سے کوئی بھی مشتبہ یا قابلِ اعتراض مواد برآمد نہیں ہوا۔ تاہم، متعلقہ ایجنسیاں مزید تفتیش کر رہی ہیں۔