یو این آئی
خرطوم// سوڈان میں فوج اور ریپڈ سپورٹ فورس کی درمیان جھڑپوں میں مرنے والوں کی تعداد 80 سے تجاوز کر گئی ہے، جب کہ 1100 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے یہ اطلاع دی ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے اتوار کو کہا کہ 13 اپریل سے صوبہ خرطوم، جنوبی کورڈوفن، شمالی دارفور، شمالی ریاست اور دیگر علاقوں میں جھڑپوں میں 83 سے زائد افراد ہلاک اور 1126 زخمی ہو چکے ہیں۔ فوج اور آر ایس ایف کے درمیان لڑائی اب خرطوم شہر میں مرکوز ہے، وہاں کے بہت سے اسپتالوں میں خون کی منتقلی کے آلات اور طبی سازو سامان کی کمی کی اطلاع ہے۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز فوج اور آر ایس ایف کے درمیان جھڑپ ہوئی تھی۔ سرکاری فورسز نے آر ایس ایف پر بغاوت کا الزام لگایا اور ان کے ٹھکانوں پر ہوائی حملے شروع کر دیے۔پیرا ملٹری فورس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے صدارتی محل، آرمی چیف کی رہائش گاہ، سرکاری ٹیلی ویژن اسٹیشن اور خرطوم کے شمالی شہر میروئے، الفشر اور مغربی دارفر ریاست کے ہوائی اڈوں پر قبضہ کر لیا ہے البتہ فوج نے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا۔