عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بارہمولہ کے رکن پارلیمنٹ انجینئر رشید نے جموں و کشمیر کے سیاسی اور آئینی معاملات پر اپنی جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے 21 جولائی کو ننگے پائوں پارلیمنٹ مارچ اور ایک روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔یہ پیغام ان کی قانونی ٹیم کے ذریعے عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کی پریس کانفرنس میں جاری کیا گیا۔انجینئر رشید نے کہا کہ ریاستی درجے کی بحالی عوام کا جائز مطالبہ ہے، تاہم جموں و کشمیر کے عوام کی سیاسی خواہشات صرف اسی معاملے تک محدود نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام علاقائی جماعتوں کو عوام کے سامنے جواب دہ ہونا چاہیے کہ انہوں نے ریاستی درجہ، آرٹیکل 370، آرٹیکل 35 اے اور دیگر حقوق کے لیے کیا اقدامات کیے۔انہوں نے نیشنل کانفرنس کے احتجاج کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ان کا اقدام کسی ایک جماعت کے تمام سیاسی مقف کی توثیق نہیں بلکہ عوامی مسائل کو اجاگر کرنے کی کوشش ہے۔