عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر حکومت نے موجودہ حالات کا مکمل جائزہ لینے کے بعد موسم گرما کی جاری تعطیلات میں 3دن کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر تعلیم سکینہ ایتونے ایکس پر اسکی جانکاری دیتے ہوئے کہا کشمیر زون کے سبھی تعلیمی اداروں اور جموں کے سرمائی زون کے سکولوں کی تعطیلات میں بدھ تک کی توسیع کردی گئی ہے۔ ایتونے کہا، “موسم گرما کی تعطیلات میں توسیع سے متعلق فیصلہ مناسب غور و خوض کے بعد کیا گیا،” ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے موجودہ گرمی کی لہر اور آنے والے خراب موسم کے امکانات کی روشنی میں توسیع طلبا اور تعلیمی شعبے کے بہترین مفاد میں کیا۔وزیر نے کہا کہ حکومت طلبا کی صحت اور بہبود کے تحفظ کے لئے پرعزم ہے جبکہ اس بات کو بھی یقینی بناتی ہے کہ تعلیمی کیلنڈر کو کم سے کم رکاوٹ کے ساتھ برقرار رکھا جائے۔