عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ملک میں بڑھتی ہوئی نفرت، فرقہ واریت اور مذہبی تعصب پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سیکولر، جمہوریت پسند اور محب وطن قوتوں سے متحد ہونے کی اپیل کی ہے۔ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی آزادی تمام مذاہب، علاقوں اور طبقات کی مشترکہ قربانیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے آئین کی بالادستی، مذہبی آزادی، مساوات اور انصاف کو ملک کی مضبوطی کی بنیاد قرار دیا۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت تاریخی وعدوں اور مخصوص شرائط کی بنیاد پر قائم ہوئی تھی، تاہم وقت کے ساتھ ان ضمانتوں کو کمزور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس آئینی اور جمہوری طریقے سے جموں و کشمیر کے حقوق کی بحالی کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے بھائی چارے، امن اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس اپنے تاریخی موقف پر قائم ہے اور جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت اور عوام کے حقوق کی بحالی کیلئے آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد جاری رکھے گی۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب انسانیت، امن، انصاف، رواداری، اخوت اور باہمی احترام کا درس دیتے ہیں۔ کوئی بھی مذہب ظلم، جبر، تشدد، نفرت یا بے گناہ انسانوں کے قتل کی اجازت نہیں دیتا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی اقلیتوں نے بھی آزادی کی جدوجہد میں بے مثال قربانیاں دی ہیں، تاہم یہ باعثِ تشویش ہے کہ آج انہیں مختلف سطحوں پر ناانصافی، عدم مساوات اور امتیازی سلوک کا سامنا ہے اور انہیں بتدریج اپنے آئینی اور جمہوری حقوق سے محروم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کرتے ہوئے محبت، بھائی چارے، آئین کی بالادستی، جمہوری اقدار اور قومی یکجہتی کے فروغ کیلئے متحد ہوں، کیونکہ یہی ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔