عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/حکومتِ جموں و کشمیر نے منگل کے روز ایوان کو آگاہ کیا کہ جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر 17.27 لاکھ کنال سرکاری اراضی پر قبضہ کیا گیا تھا، جن میں سے اب تک 14.29 لاکھ کنال اراضی واگزار کرائی جا چکی ہے۔
ایم ایل اے شام لال شرما کی جانب سے مقبوضہ اور واگزار شدہ سرکاری زمین کی صورتحال سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں محکمہ مال نے ایوان کو بتایاکہ وادیٔ کشمیر میں 3,27,198.50 کنال سرکاری اراضی پر قبضہ پایا گیا، جن میں سے 2,16,912.98 کنال اراضی واگزار کی گئی ہے۔
محکمہ کے مطابق جموں ڈویژن میں 14,00,049.66 کنال سرکاری زمین پر قبضہ کیا گیا تھا، جبکہ 12,12,287.44 کنال اراضی واگزار کر لی گئی ہے۔اس طرح جموں و کشمیر بھر میں مجموعی طور پر 17,27,248.16 کنال سرکاری اراضی پر قبضہ پایا گیا، جن میں سے 14,29,200.42 کنال زمین اب تک بازیاب کی جا چکی ہے۔
جموں و کشمیر میں 17.27 لاکھ کنال سرکاری اراضی پر قبضہ، 14.29 لاکھ کنال واگزار: حکومت