عظمیٰ نیوزسروس
جموں//جمعرات کو ایم اے سٹیڈیم میں روایتی ’بیٹنگ ریٹریٹ‘ تقریب کے انعقاد کے ساتھ چار روزہ یومِ جمہوریہ کی تقریبات کا شاندار اختتام ہوا۔ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔تقریب کے دوران مسلح افواج اور جموں و کشمیر پولیس کے براس اور پائپ بینڈز نے حب الوطنی سے بھرپور دھنیں پیش کیں، جنہوں نے سامعین کو مسحور کر دیا۔ ’’اے میرے وطن کے لوگو‘‘ اور دیگر مشہور قومی نغموں کی دل سوز دھنوں نے ماحول کو قومی جوش و جذبے سے سرشار کر دیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے شاندار کارکردگی اور فنکارانہ مہارت کے اعتراف میں جموں و کشمیر پولیس اور سکیورٹی فورسز کے دستوں، پریڈ کمانڈر، سابق فوجیوں، پائپ و براس بینڈز، مارچنگ دستوں (لڑکے اور لڑکیاں)، ڈیئر ڈیولز، کمنٹیٹرز، ثقافتی فنکاروں اور بہترین ٹیبلوز کو اعزازات سے نوازا۔اس موقع پر محکمہ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ کی جانب سے منعقدہ وندے ماترم گائیکی مقابلے اور یوٹی سطح کے آن لائن مضمون نویسی مقابلے کے فاتحین کو بھی اعزازات دیے گئے۔بیٹنگ ریٹریٹ تقریب کا اختتام ’’سارے جہاں سے اچھا‘‘ کی دھن پر شاندار آتش بازی اور ساؤنڈ اینڈ لائٹ شو کے ساتھ ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔