عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر جناب منوج سنہا نے جمعہ کو کہا”فنکار اور صنعت کار مل کر ہندوستان کا مستقبل بنائیں گے۔ فن اور کاروباری اتحاد ایک انوکھی طاقت ہے اور تخیل اور سرمایہ کاری ایک متحرک اور ترقی یافتہ معاشرے کی تعمیر کے قابل ہو گی” ۔ وہ آئی آئی ایم جموں میں آنندم:دی سینٹر آف ہیپی نیس اینڈ دی آرٹ کلب کے زیر اہتمام بین الاقوامی پینٹنگ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کر رہے تھے۔اپنے خطاب میں، لیفٹیننٹ گورنر نے معروف فنکاروں اور طلباء کو تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے ایک مضبوط کل کی تعمیر کے لیے مبارکباد دی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا”فنکار قومی فخر کے معمار ہیں اور وہ شناخت، اتحاد، ترقی اور ایک متحد مستقبل کی تشکیل کر رہے ہیں۔ تخلیقی ذہنوں اور مستقبل کے سی ای اوز کی مشترکہ توانائی قومی ترقی کا نیا انجن بن سکتی ہے۔ایک طرف ہمارے پاس فنکاروں کے طور پر خواب دیکھنے والے ہیں اور دوسری طرف اگلے نسل کے لیڈروں کے طور پر کام کرنے والے اور ان کی متحد کوشش ترقی کی رفتار کو نئے سرے سے متعین کرے گی”۔لیفٹیننٹ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ کے آج کے دور میں نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے تخلیقی سوچ کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بزنس مینجمنٹ کے پیشہ ور افراد کو تجربات سے سیکھنے اور نئے طریقوں کو اپنانے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔انکاکہناتھا’’آرٹ بین الضابطہ تعلیم کا ایک اہم ستون ہے۔ فن اداروں کو تقویت دیتا ہے، شخصیات کو تبدیل کرتا ہے، اور اس سے تعلق کے احساس کو پروان چڑھاتا ہے، اس طرح معاشرے اور قوم کے تئیں ذمہ داری مضبوط ہوتی ہے۔ میں آرٹ کو معاشرے اور قوم کے ضمیر کے دل کی دھڑکن کے طور پر دیکھتا ہوں، ہماری اقدار کو تشکیل دیتا ہے، ہماری شناخت کا تحفظ کرتا ہے، بات چیت کی حوصلہ افزائی کرتا ہے‘‘۔اس موقع پر لیفٹیننٹ گورنر نے نامور اور ابھرتے ہوئے مصوروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے منفرد علمی ثقافتی پہل کے لیے آئی آئی ایم جموں کی بھی ستائش کی۔