عظمیٰ نیوزسروس
جموں// ہتھیار وں کی ایک کھیپ، جو بظاہر پاکستان سے ڈرون کے ذریعے گرائی گئی تھی، جموں و کشمیر کے سانبہ ضلع میں بین الاقوامی سرحد کے قریب ایک آگے والے علاقے سے برآمد ہوئی۔حکام نے بتایا کہ دو پستول، تین میگزین، 16راؤنڈ اور ایک گرینیڈ سمیت کھیپ برآمد کی گئی ۔انہوںنے کہا کہ ملی ٹینٹوں کی جانب سے آنے والے یوم جمہوریہ کی تقریبات میں خلل ڈالنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بارڈر سیکیورٹی فورس اور جموں و کشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے جمعہ کی رات دیر گئے گھگوال کے پلورا گاؤں میں سرحد پار سے ڈرون کی مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاع کے بعد تلاشی مہم شروع کی۔حکام نے بتایا کہ سرچ پارٹیوں کو ندی کے کنارے سے پیلے رنگ کے ٹیپ میں لپٹا ہوا ایک پیکٹ ملا اور اسے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے کھولا گیا، جس کے نتیجے میں اسلحہ برآمد ہوا۔حکام نے مزید کہا کہ اے ایس ٹی کی اطلاعات موصول ہونے تک آپریشن جاری تھا۔
سرحدکے نزدیک مشتبہ کبوتر پکڑا گیا | پر اسرار نشان اور انگوٹھیاں برآمد، تفتیش شروع
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// اکھنور سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب اس وقت حیرت کی لہر دوڑ گئی جب ایک مشتبہ کبوتر کو سرحدی گاؤں کھڑہ میں مقامی بچے نے پکڑ لیا۔ حکام کے مطابق، کبوتر کے پیروں میں لگی انگوٹھیاں اور پروں پر موجود مہر نما نشانات نے معاملے کو مزید حساس بنا دیا ہے ، جس کے بعد سکیورٹی اداروں نے اس کی تفتیش شروع کر دی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ 13 سالہ آریَن نامی لڑکے نے صبح کے وقت ایک کبوتری رنگ کا پرندہ پکڑا، جس کے دونوں پروں پر سیاہ پٹیاں اور پیروں میں سرخ و زرد رنگ کی دو انگوٹھیاں لگی ہوئی تھیں۔ ان انگوٹھیوں پر’رحمت سرکار‘،’رضوان 2025 ‘کے الفاظ درج تھے ، جن کے ساتھ کچھ نمبرز بھی تحریر تھے ۔ حکام کے مطابق یہ نشانات اسے مشتبہ بناتے ہیں کیونکہ ماضی میں بھی سرحدی علاقوں سے اس نوعیت کے کبوتروں کی برآمدگی کے بعد انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کئی پہلوؤں کی جانچ کی تھی۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ کبوتر کے پروں پر مخصوص اسٹیمپنگ بھی پائی گئی ہے ، جو ممکنہ طور پر کسی تربیت یافتہ یا پیغام رساں مقصد سے اس کے استعمال کی طرف اشارہ کرتی ہے ۔ ایسے واقعات اس سے قبل بھی سرحدی اضلاع پونچھ، راجوری اور اکھنور میں سامنے آ چکے ہیں، جنہیں سیکیورٹی ماہرین بعض اوقات ایک طریقۂ رابطہ یا نگرانی کے آلے کے طور پر بھی دیکھتے ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگوں نے پرندے کو پلانوالہ پولیس اسٹیشن کے حوالے کر دیا، جہاں ابتدائی جانچ کے بعد اسے مزید سکیورٹی ایجنسیوں کے سپرد کیا جائے گا تاکہ اس کے جسم پر موجود نشانات، انگوٹھیوں کے نمبر اور ممکنہ پیغام رسانی کے پہلوؤں کی تفتیش کی جا سکے ۔ ادھر سرحدی علاقوں میں رہنے والے باشندوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر کسی بھی مشکوک پرندے یا شے کا مشاہدہ ہو تو فوری طور پر پولیس یا سیکورٹی فورسز کو مطلع کریں۔
سرحدی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن جاری
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// بین الاقوامی سرحد کے قریب واقع ضلع سانبہ کے پلوڑہ گاؤں میں اس وقت سنسنی پھیل گئی جب بارڈر سیکورٹی فورس نے ایک مشکوک پیکٹ برآمد کیا جس میں اسلحہ اور گولہ بارود موجود تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بی ایس ایف نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ایک وسیع اور منظم تلاشی کارروائی شروع کر دی۔ذرائع کے مطابق، یہ مشکوک پیکٹ سرحد سے متصل ایک جھاڑی والے مقام کے قریب ملا، جسے دیکھتے ہی اہلکاروں نے اسے محفوظ طریقے سے قبضے میں لے لیا اور فوری طور پر تکنیکی جانچ کے لیے بھیج دیا۔ ابتدائی معائنہ میں پیکٹ سے اسلحہ، گولیاں اور ممکنہ طور پر استعمال کے لیے تیار دیگر مواد برآمد ہوا ہے ، تاہم مکمل تفصیلات فارنزک جانچ کے بعد سامنے آئیں گی۔ بی ایس ایف افسران نے بتایا کہ پیکٹ کی پیکنگ اور اس کی جگہ بندی سے یہ خدشہ ظاہر ہوتا ہے کہ اسے ڈرون ڈلیوری کے ذریعے سرحد پار سے پھینکا گیا ہو سکتا ہے ، جیسا کہ حالیہ مہینوں میں جموں خطے کے متعدد حساس اضلاع میں دیکھنے میں آیا ہے ۔ سانبہ، کٹھوعہ اور ارنیا سیکٹر میں پچھلے ایک سال کے دوران کئی بار ڈرون کے ذریعے اسلحہ، منشیات اور پیسوں کی اسمگلنگ کے واقعات سامنے آ چکے ہیں، جن کے خلاف بی ایس ایف مسلسل آپریشن چلا رہی ہے ۔ مقامی لوگوں کے مطابق، گزشتہ رات دیر گئے علاقے میں کچھ غیر معمولی آوازیں سنائی دی تھیں، جس کے بعد یہ شبہ بڑھ گیا کہ مذکورہ پیکٹ رات کے اندھیرے میں کسی بیرونی ذریعے سے گرایا گیا ہو سکتا ہے ۔ پولیس اور بی ایس ایف نے آس پاس کے رہائشی علاقوں میں بھی تلاشی مہم تیز کر دی ہے تاکہ کسی شخص کی اس میں ممکنہ شمولیت کا پتہ چل سکے ۔ ایک سینئر بی ایس ایف افسر نے بتایا کہ ہم سرحد کے اس پار سے ہونے والی ہر قسم کی سرگرمی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اس طرح کے پیکٹ عام طور پر دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے والے ہتھیار پہنچانے کی کوشش ہوتے ہیں، لیکن ہماری چوکس فورسز ان کوششوں کو ناکام بناتی آ رہی ہیں۔ بی ایس ایف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سرحدی علاقوں میں کسی بھی مشکوک شے یا نقل و حرکت کی فوری طور پر اطلاع دیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو روکا جا سکے ۔
جموں کے گورکھا نگر میں مشتبہ ڈرون برآمد
عظمیٰ نیوزسروس
جموں// جموں کے گورکھا نگر علاقے میں اس وقت خوف و ہراس پھیل گیا جب مقامی رہائشیوں نے ایک نالے کے قریب مشتبہ ڈرون نما شے دیکھی۔ واقعہ سنیچر کی صبح پیش آیا، جس کے بعد علاقے میںسیکورٹی الرٹ جاری کر دیا گیا اور پولیس کی متعدد ٹیمیں جائے موقعہ پر پہنچ گئیں۔ ذرائع کے مطابق، مقامی لوگوں نے نالے کے کنارے ایک مشکوک شے دیکھتے ہی فوری طور پر پولیس اسٹیشن باغِ بہو کو اطلاع دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیمیں علاقے میں پہنچیں اور پورے مقام کو گھیرے میں لے کر مشتبہ ڈرون کو محفوظ طریقے سے قبضے میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق برآمد کی گئی شے کو تفصیلی جانچ کے لیے ماہرین کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ اس کی نوعیت، ساخت اور ممکنہ ماخذ کا پتہ چلایا جا سکے ۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر یہ ایک ڈرون سے مشابہ شے معلوم ہوتی ہے ، تاہم اس کی تکنیکی جانچ کے بعد ہی کوئی حتمی رائے قائم کی جا سکے گی۔ پولیس نے مزید بتایا کہ معاملے کی سنگینی کے پیش نظر سیکورٹی ایجنسیوں کو بھی مطلع کر دیا گیا ہے ، جبکہ علاقے میں حفاظتی گشت بڑھا دیا گیا ہے ۔